تھر پارکر میں قحط زدہ شہریوں کی حالت زار پر عمران خان کی سندھ حکومت کی مجرمانہ غفلت اور نااہلی پر شدید تنقید ، صوبائی حکومت کلچر کے فروغ کے نام پر ناچ گانے میں مصروف ہے جبکہ ہزاروں شہری غذائی قلت کا شکار، جبکہ معصوم بچے بھوکے مر رہے ہیں،بیان

اتوار 9 مارچ 2014 08:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9مارچ۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سندھ حکومت کی مجرمانہ غفلت اور نااہلی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے تھر پارکر میں قحط زدہ شہریوں کی حالت زار پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کلچر کے فروغ کے نام پر ناچ گانے میں مصروف ہے جبکہ دوسری طرف ہزاروں شہری غذائی قلت کا شکار، جبکہ معصوم بچے بھوکے مر رہے ہیں۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ تھرپارکر میں جنم لینے والے بدترین المیے کی ذمہ دار براہ ِ راست صوبائی حکومت کی ہے جس کی انتظامی، نااہلی کی وجہ سے سو سے زیادہ شہری جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں بد ترین انجام کا شکار ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ تمام تر وسائل کے باوجود سندھ حکومت کا تھرپارکر کے عوام کو بھوک اور قحط کے حوالے کرنا انتہائی قابل مذمت ہے اور اس سے سندھی عوام پر مسلط وڈیروں کا طرز حکومت بے نقاب ہوا ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ غریب سندھیوں کو بھوک اور موت کے حوالے کر کے پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت ہفتوں جشن منانے میں مصروف رہی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف کے مطابق گزشتہ کئی دہائیوں سے سندھ کے وسائل پر قابض حکمرانوں نے صوبے میں عوام کی بہتری کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کراچی میں لوگ دہشت گردی کا نشانہ بنتے ہیں تو دیہی سندھ میں بھوک اور افلاس بے چارے شہریوں کی جانیں لے رہی ہے، جبکہ صوبائی حکومت بالکل ناکام نظر آتی ہے۔

اپنے بیان میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے غفلت کا مظاہرہ کرنے والے محکمہ خوراک سندھ حکومت اور مقامی انتظامیہ کے افسران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے قحط زدہ عوام کو خوراک اور ادویات کی فوری فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا۔