وسطی کرم ایجنسی میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ، 6اہلکار شہید ، 8 زخمی

جمعرات 6 مارچ 2014 08:07

پاراچنار (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6مارچ۔2014ء)وسطی کرم ایجنسی کے علاقہ اورمیگئی میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم حملے میں 6اہلکار شہید اور 8 زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کوپشاور منتقل کردیاگیا۔سرکاری ذرائع اورعینی شاہدین کے مطابق سکیورٹی فورسز کا ایک قافلہ ھنگو سیکرم ایجنسی آرہاتھا کہ وسطی کرم ایجنسی کے علاقے اورمیگئی میں شدت پسندوں نے ریموٹ کنٹرول بم سے ان کونشانہ بنایا اورسڑک کے کنارے نصب کئے گئے ریموٹ کنٹرول بم پھٹنے سے قافلے میں شامل ایک گاڑی تباہ ہوگئی۔

(جاری ہے)

گاڑی میں سوار تین اہلکار موقع پر شہید اور11 زخمی ہوگئے۔ جن میں 3 زخمی اہلکار زخموں کی تاب نہ لاکر راستے میں دم توڑ گئے۔ باقی 8 زخمیوں کوسی ایم ایچ ہسپتال پشاور پہنچادیاگیا۔واقعے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ بتایاجاتاہے کہ شمالی وزیرستان میں ممکنہ آپریشن کے پیش نظر شدت پسندوں کے گئی گروہ وسطی کرم ایجنسی منتقل ہوگئے ہیں اورکرم ایجنسی میں اس قسم کے واقعات میں اضافہ ہوتاجارہاہے۔ فورسز کاکہنا ہے کہ وسطی کرم ایجنسی میں گذشتہ دوسال سے شدت پسندوں کے خلاف فورسز کی کاروائی جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :