پرویزمشرف کے خلاف غداری کیس کی سماعت آ ج تک ملتوی ،وکلاء کے یوم سوگ اور ہڑتال کی وجہ سے استغاثہ اور وکلا صفائی کی غداری کیس میں پیش ہونے سے معذرت ،خصوصی عدالت غیرمحفوظ ہے مشرف پیش نہیں ہو سکتے ، احمد رضا قصوری

بدھ 5 مارچ 2014 08:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5مارچ۔ 2014ء)اسلام آباد میں خصوصی عدالت میں پرویزمشرف کے خلاف غداری کیس کی سماعت آ ج بدھ تک ملتوی کر دی گئی۔گزشتہ روز ایف ایٹ کچہری اسلام آباد میں دہشت گردی کے حملے کے بعد وکلاء کے یوم سوگ اور ہڑتال کی وجہ سے استغاثہ اور وکلا صفائی نے پیش ہونے سے معذرت کی۔استغاثہ اور وکلا صفائی نے رجسٹرار کو باہمی فیصلے سے آگاہ کر دیا کہ وہ پیش نہیں ہو سکتے، خصوصی عدالت کے جج بھی نہیں پہنچے تھے۔

جسکے بعد سما عت آ ج تک ملتو ی کر دی گی ادھر پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ایف 8 کچہری پر ہونے والے حملے کے بعد خصوصی عدالت بھی غیر محفوظ ہے لہذا مشرف ایک ہفتے تک عدالت میں پیش نہیں ہوں گے۔ میڈیا سے گفتگو میں احمد رضا قصوری کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز اسلام آباد کچہری میں ہونے والے حملے کے بعد خصوصی عدالت کو بھی غیر محفوظ سمجھتے ہیں، جت تک عدالت کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں عدالت کے روبرو پیش نہیں ہو سکتے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے کچہری پر حملے کے بعد اسلام آباد بار کونسل نے ایک ہفتے کے عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے، ہم علاقائی بار کونسل کے قوائد و ضوابط کو ماننے کے پابند ہیں قبل ازیں سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کی سماعت سے قبل پرویز مشرف کے وکیل اور وکیل استغاثہ نے خصوصی عدالت کے رجسٹرار عبدالغنی سومرو کو بتایا کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی ایف 8 کچہری میں ہونے والے حملے کے باعث وکلاء نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کر رکھا ہے جس کی وجہ سے وہ عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بن سکتے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی ایف 8 کچہری میں خودکش دھماکوں اور فائرنگ کے نتیجے میں ایڈیشنل سیشن جج رفاقت اعوان سمیت 11 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

متعلقہ عنوان :