ایشیا ء کپ ،پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگالی ٹائیگرز کے جبڑے سے فتح چھین لی ،پاکستان نے 3 وکٹوں سے فتح حاصل کر کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ،8مارچ کو سری لنکا سے مقابلہ ہوگا،بنگلہ دیش نے پاکستانی باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی اور326رنز کز پہاڑ کھڑا کر دیا ،پاکستانی بلے بازوں نے شاندار بلے بازی سے بدلہ چکا دیا،احمد شہزاد کی سنچری،فواد عالم کے 74اور بوم بوم آفریدی کے دھواں دار 59رنز کی بدولت پاکستان نے تین وکٹوں سے کامیابی سمیٹی ،پاکستان کی شاندارفتح پر صدر،وزیراعظم سمیت دیگر کی کرکٹ ٹیم اور قوم کومبارکباددی،ملک بھرمیں منچلوں کے بھنگڑے اورجشن

بدھ 5 مارچ 2014 08:02

میر پور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5مارچ۔ 2014ء) ایشیا ء کپ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگالی ٹائیگرز کے جبڑے سے فتح چھین لی ،پاکستان نے 3 وکٹوں سے فتح حاصل کر کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا جہاں اس کا مقابلہ 8مارچ کو سری لنکا سے ہوگا،پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش نے 326رنز کز پہاڑ کھڑا کر دیا لیکن احمد شہزاد کی سنچری،فواد عالم کے 74اور بوم بوم آفریدی کے دھواں دار 59رنز کی بدولت پاکستان نے 327 رنز کا ہدف آخری اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے تاریخ میں سب سے ہدف حاصل کرنے کا اپنا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔

بنگلا دیش کے شہر میر پور کے شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان مشفیق الرحیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پہلے ہی اوور میں محمد حفیظ کی گیند پر احمد شہزاد نے امر القیس کا کیچ ڈراپ کر دیا جس کے بعد بنگلا دیشی بلے بازوں نے پاکستانی بالروں کی ایک نہ چلنے دی اور مقررہ 50 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف کھڑا کر کے ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنا سب سے بڑا ٹوٹل بنادیا۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیشی اوپنرز امرل قیس اور انعام الحق نے 29اوورز میں 150رنز کا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا۔ یہ بنگلہ دیش کی پاکستان کے خلاف پہلی وکٹ کیلئے سب سے بڑی اور کسی بھی ٹیم کے خلاف پہلی وکٹ کیلئے دوسری بڑی شراکت ہے۔ محمد طلحہ نے امرل قیس کو59کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کرکے یہ اہم شراکت توڑی۔ انعام الحق نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے کیرئیر کی دوسری سنچری اسکور کی۔

وہ 100رنز بنا کرسعید اجمل کا شکاربنے۔اوپنرز کے آوٹ ہونے کے باوجود بنگلہ دیش کے رنز بنانے کی رفتارمیں کمی نہ آئی۔ کپتان مشفق الرحیم اور مومن الحق نے پاکستانی بالرز کی گیندوں کوباؤنڈری کے پار پہنچانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ مومن الحق 51رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان مشفق الرحیم نے شکیب الحسن کے ساتھ چونتیس گیندوں پر 77 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کا اسکور 326رنز تک پہنچادیا۔

یہ ون ڈے انٹرنیشنل میں بنگلہ دیش کا کسی بھی ٹیم کے خلاف سب سے بڑا مجموعہ ہے۔ مشفق الرحیم نے تینتیس گیندوں پر 51اور شکیب نے سولہ گیندوں پر 44رنز کی جارحانہ اننگزکھیلی۔ محمد طلحہ سب سے مہنگے بالر ثابت ہوئے انہوں نے سات اوورز میں اڑسٹھ رنزدئیے۔ عمرگل نے دس اوورز میں چھہتر، شاہد آفریدی نے چونسٹھ اور سعید اجمل نے اکسٹھ رنزدئیے۔ سعید اجمل نے دو اور محمد طلحہ نے ایک وکٹ حاصل کی-پاکستانی بلے بازوں نے بیٹنگ شروع کی تو اووپنرز نے اچھا آغاز فراہم کرتے ہوئے 97 رنز کی شراکت قائم کی تاہم محمد حفیظ 55 گیندوں پر 52 رنز بنا کر آٹ ہوگئے، ان کے آؤٹ ہونے کے یکے بعد دیگرے 2 وکٹیں گر گئیں اور پاکستانی ٹیم دباؤ میں آگئی، کپتان مصباح الحق صرف 4 رنز بنا کر آٹ ہوئے جبکہ صہیب مقصود امپائر کے غلط فیصلے کا شکار ہوتے ہوئے 2 رنز پر پویلین لوٹ گئے ۔

احمد شہزاد اور فواد عالم کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 105 رنز کی شراکت داری کی لیکن 210 کے مجموعی اسکور پر احمد شہزاد شاندار 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔احمد شہزاد کے آؤٹ ہونے کے بعد قومی ٹیم ایک بار پھر مشکلات کا شکار ہوگئی تاہم شاہد آفریدی کے بیٹ نے بھارت کے بعد بنگلہ دیش کے خلاف بھی رنز اگلے اور انہوں نے 18 گیندوں میں برق رفتار نصف سنچری مکمل کرکے ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنادیا۔

آفریدی نے 25گیندوں پر سات چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 59رنز بنائے ۔میچ کے آخری لمحات میں مزید سنسنی خیزی اس وقت پیدا ہوگئی جب دو سیٹ بیٹسمین فواد عالم اور شاہد آفریدی رن آؤٹ ہوگئے۔مڈل آرڈر فواد عالم نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 74 رنز کی انتہائی اہم اننگز کھیلی۔ اس موقع پر عمر اکمل نے معاملات کو اپنے قابو میں رکھا اور پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرایا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مومن الحق نے دو شکیب الحسن،عبدالرزاق اور محموداللہ نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔بہترین کارکردگی پر شاہد آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ادھرقومی کرکٹ ٹیم کی ایشیاء کپ میں میزبان بنگلہ دیش کیخلاف اہم میچ میں شاندارفتح پر صدر مملکت ،وزیراعظم اور دیگر سیاسی رہنماوٴں نے ٹیم اور قوم کومبارکباددی ،ملک بھرمیں منچلوں کے بھنگڑے اورجشن منایاگیا۔

بنگلہ دیش کے شہرمیرپورمیں میزبان ٹیم کے خلاف میچ میں کامیابی کے بعدملک بھرمیں جشن کاسماں بندھ گیااورملک کے تقریباًہربڑے شہرمیں آتشبازی کاشاندارمظاہرہ کیاگیااورلوگ ڈھول کی تھاپ پررقص کرتے اوربھنگڑے ڈالتے رہے ،میچ میں کامیابی پروزیراعظم نے پوری ٹیم کومبارکبادپیش کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے قوم کاسرفخرسے بلندکردیاہے ۔سابق صدرآصف علی زرداری ،بلاول بھٹو،عمران خان ،اسفندیارولی ،الطاف حسین ،شیخ رشیداوردیگرسیاسی رہنماوٴں نے بھی شاندارفتح پرٹیم کومبارکباددی