ایماندار حکومت وقت کا اہم ترین ضرورت ہے ، افتخار محمد چوہدری،انتخابات کے بعد ووٹرز کا کوئی بھی پرسان حال نہیں ہے،ہر آنے والی حکومت اقربا پروری،رشوت اور بدعنوانی کو فروغ دیتی ہے،ملک پستیوں کی جانب جا رہا ہے ،ملکی ترقی کیلئے امیر اور غریب کے فرق کو ختم کرنا ہو گا،آئین اور قانون کی حدود میں رہتے ہوئے مذاکرات سے ہی مسائل کا حل ممکن ہے، ڈسٹرکٹ بار خانیوال کی تقریب سے خطاب

اتوار 2 مارچ 2014 08:21

جہانیاں (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2مارچ۔2014ء)سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ ایماندار حکومت وقت کا اہم ترین ضرورت ہے ،انتخابات کے بعد ووٹرز کا کوئی بھی پرسان حال نہیں ہے،ہر آنے والی حکومت اقربا پروری،رشوت اور بدعنوانی کو فروغ دیتی ہے،ملک پستیوں کی جانب جا رہا ہے ،ملکی ترقی کیلئے امیر اور غریب کے فرق کو ختم کرنا ہو گا،آئین اور قانون کی حدود میں رہتے ہوئے مذاکرات سے ہی مسائل کا حل ممکن ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن خانیوال کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ملک بہت سے مشکلات سے دوچار ہے آئین اور قانون کی حدود میں رہتے ہوئے بات چیک کے ذریعے ہی مسائل کو حل کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کے منصب پر فائز ہوتے ہوئے آئین کی مکمل پاسداری اور تحفظ کیا ہے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی آئین اور رول آف لاء کے ذریعے پسے ہوئے طبقات کے مسائل حل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے امیر اور غریب میں فرق بڑھ رہا ہے امیر امیر تر جبکہ غریب غریب تر ہو رہا ہے ملکی مسائل کے حل کیلئے امیر اور غریب کے درمیان فرق کو ختم کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ امیروں کو آزمایا جا چکا ہے اب ملک میں بہتری لانے کیلئے غریبوں کو اپنی فلاح و بہبود کیلئے خود ہی سوچنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ترقی کیلئے دیانتدار حکومت کا ہونا ضروری ہے بد عنوانی کا آغاز انتخابات سے ہوتا ہے ا ور اقتدار میں عروج پر پہنچ جاتی ہے ہر آنے والی حکومت کرپشن ،اقربا پروری اور رشوت کو ہوا دیتی ہے بدقسمتی سے سیاستدان ہی اس ملک کوپستیوں کی جانب دھکیل رہے ہیں۔

اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار رائے یوسف کھرل اور دیگر عہدیداروں سمیت ضلع خانیوال کی چاروں تحصیلوں جہانیاں،کبیروالا،میاں چنوں اور خانیوال کی بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں اور وکلاء نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔