کوئٹہ ،ضلع واشک میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشتگردوں کے بم حملے اور بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ، 3اہلکار جاں بحق ،6 شدید زخمی ہوگئے ، زخمی اہلکاروں میں سے 2 کی حالت تشویشناک ، تربت میں فرنٹیئر کور عملے نے 8غیر ملکیوں کو بازیاب کرا لیا، تین ایرانی ملزمان گرفتار ، بھاری مقدار میں اسلحہ، ایمونیشن برآمد، سوئی میں نوا حی علاقے درینجن نالہ اوررستم بازارمیں شرپسندو ں اور فرنٹیئرکوربلوچستان کے اہلکاروں کے درمیان فائرنگ، فائرنگ کے تبادلے میں 15شرپسند ہلاک

اتوار 2 مارچ 2014 08:18

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2مارچ۔2014ء) کوئٹہ کے ضلع واشک میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشتگردوں کے بم حملے اور بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کے نتیجے میں 3اہلکار جاں بحق ،6 شدید زخمی ہوگئے ، زخمی اہلکاروں میں سے 2 کی حالت تشویشناک ، سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے دہشتگردوں کیخلاف کارروائی شروع کردی ہے، وزیراعظم کی واقعہ کی شدید مذمت ۔

ایف سی ترجمان کے مطابق سکیورٹی فورسز کا قافلہ کوئٹہ کے ضلع واشک سے فرنٹیئر پوسٹ کی طرف جارہا تھا کہ ضلع واشک کے قریبی پہاڑیوں سے نامعلوم مسلح دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز کے قافلے کو بم سے نشانہ بنایا اور اس کے بعد اہلکاروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں تین اہلکار موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ 6 شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر پہنچا دیا گیا ہے وہاں پر ڈاکٹر ز نے 2 اہلکاروں کی حالت کو تشویشناک قرار دیدیا ہے ۔

(جاری ہے)

واقع کے بعد ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور دہشتگردوں کیخلاف کارروائی شروع کردی ہے ۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے سکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی سرگرمیاں ہماری دہشتگردی کیخلاف عزم کو متزلزل نہیں کرسکتی سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی اور دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی ۔

وزیراعظم نے زخمی ہونے والے اہلکاروں کو فوری طبی امداد بہم پہنچانے کی بھی ہدایت کی ۔ادھرتربت کے علاقے میں فرنٹیئر کور کے عملے نے 8غیر ملکیوں کو بازیاب کرا کر تین ایرانی ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، ایمونیشن برآمد کرکے قبضے میں لے لیا یہاں آمدہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز فرنٹیئر کور کے عملے نے تربت کے علاقے اوورسیز کالونی میں چھاپہ مار کر وہاں سے 5ایرانی اور3افریقی باشندوں کو بازیاب کراکر تین ایرانی ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 4ایس ایم جی،334راؤنڈز،آر پی جی7کے 13گولے ، ایس ایم جی کی 1میگزین،405راؤنڈز،ایک عدد30بور پسٹل،10راؤنڈز برآمد کرکے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی ذرائع کے مطابق فرنٹیئر کور کے عملے نے ایرانی فورسز کے 5مغوی اہلکاروں کی بازیابی کیلئے چھاپہ مارا تھا جو وہاں سے نہیں ملے ۔

جبکہ فرنٹیئرکور بلوچستان کی سوئی کے نواحی علاقے درینجن نالہ اور رستم بازار میں شرپسندو ں کیخلاف سرچ آپریشن ۔ سرچ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں15 شرپسندہلاک ،ہلاک ہو نیوالے شرپسندو ں کے قبضے سے بھاری تعدادمیں اسلحہ،آئی ای ڈیزاور بارودی موادبرآمد۔تفصیلات کے مطابق فرنٹیئرکور بلوچستان نے صوبا ئی حکو مت کی ہدایت پرسو ئی کے نواحی علاقے درینجن نالہ اور رستم بازارمیں گیس پائپ لائنوں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے شرپسندوں کے گروہ کیخلاف سرچ آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران غاروں میں چھپے ہوئے شرپسندوں نے ایف سی اہلکاروں کو دیکھتے ہی فائر کھول دیا۔دونوں جانب سے جاری طویل شدید فائرنگ کے تبادلے میں 15شرپسند ہلاک ہو ئے ۔ ہلاک ہو نیوالے شرپسندو ں کے قبضے سے 35عدد آئی ای ڈیز ،130کلوگرام بارودی مواد،3 عدداینٹی ٹینک مائنز،6عددریموٹ آئی ای ڈی،4عدداینٹی پرسنل مائنز،55عددڈیٹونیٹرز،13 عددآئی ای ڈیزانٹینا،400 عددبال بیرنگ اور3عدد مو ٹر سا ئیکل شامل ہیں ۔

آپریشن کے دوران ایف سی اہلکاروں نے شرپسندوں کے 8فراری کیمپ بھی مسمار کر دئیے۔ واضح رہے کہ ہلاک ہونے والے شرپسنددہشت گردی کے کئی واقعات میں ملوث تھے جس میں گیس پائپ لائن،ریلوے ٹریک ،بجلی ٹاورز اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے،معصوم شہری اورسکیورٹی فورسزپر حملے کرنا شامل ہے۔جس میں سے صرف رواں ماہ ڈیرہ بگٹی اور اس کے ملحقہ علاقوں میں گیس پائپ لائنوں کو اڑانے کیلئے 15حملے ہوچکے ہیں۔

ایک دوسری کارروائی میں فرنٹیئر کور بلو چستان نے کو ئٹہ کے علاقے سریاب کلی فیض آباد میں خفیہ اطلاع پر ایک گھر پر چھاپہ مار کر 1عدد تیار شدہ آئی ای ڈی برآمد کر لی۔برآمد کیا جا نیوالا آئی ای ڈی معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کیلئے استعمال کیا جانا تھالیکن ایف سی نے بروقت کارروائی کر تے ہو ئے آئی ای ڈی کو ناکارہ بنا کرشہر کو ایک بڑی تبا ہی سے بچا لیا۔

آئی جی ایف سی میجرجنرل محمداعجازشاہد نے فرنٹئیرکور کے اہلکاروں کی کامیاب اوربروقت کارروائی پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے اُنہیں مزید مستعد اور چوکنا رہنے کی ہدایت کی ہے۔اُنہو ں نے مزید کہا کہ فرنٹیئرکور بلوچستان شرپسندوں اورجرائم پیشہ افراد کیخلاف بلاتفریق کارروائی جاری رکھے گی اور سرکاری املاک کے دفاع کیلئے کو ئی کسر اُٹھا نہیں رکھے گی تاکہ پورے صوبے کوامن کاگہوارہ بنایاجاسکے ۔