وزیرداخلہ کا بیان مبہم اور سمجھ میں نہ آنے والا ہے،خورشید شاہ،حزب اختلاف کنفیوزڈ نہیں وہ خود کنفیوزڈ ہیں،میڈیا سے گفتگو

جمعہ 28 فروری 2014 06:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28فروری۔2014ء)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے وفاقی وزیر داخلہ کے بیان کو مبہم اور ناسمجھ میں آنے والا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرداخلہ کی منطق سمجھ میں نہیں آتی،انہیں میڈیا کی بجائے ایوان کے اندر آکر اظہار خیال کرنا چاہئے تھا،میرے خیالات کی وزیراعظم میاں نوازشریف نے بھی تائید کی تھی۔

جمعرات کے روز قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان خود بھی قائد حزب اختلاف رہے ہیں اور وہ قومی اور بین الاقوامی معاملات پر کھل کر اظہار خیال کرتے رہے ہیں،اس کے علاوہ وہ سینئر پارلیمنٹیرین ہیں،اس لئے انہیں ذرائع ابلاغ کی بجائے ایوان کے اندر آکر اظہار خیال کرنا چاہئے تھا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وزیرداخلہ کا بیان کہ حزب اختلاف قومی سلامتی پالیسی کے بارے میں کنفیوزڈ ہیں،بے بنیاد ہے۔حقیقت یہ ہے کہ وزیرداخلہ خود کنفیوزڈ ہیں اور ان کی پالیسی بھی کنفیوژن سے بھری ہوئی ہے،انہوں نے کہا کہ وزیرداخلہ کی منطق سمجھ سے بالاتر ہے،ان کو چاہئے کہ وہ اپنے ذہن کو صاف رکھیں تاکہ جو بات کریں وہ قابل فہم ہو،ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں انہوں نے قومی داخلی سلامتی پالیسی پر اظہار رائے اس لئے نہیں کیا کہ تاحال انہوں نے اس کو پڑھا نہیں ہے،تاہم انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم نے بھی ان کے خیالات اور جذبات کی تائید کی تھی۔

متعلقہ عنوان :