لائن آف کنٹرول پر تاجروں کے مذاکرات کامیاب ، سرینگر مظفر آباد تجارت بحال،40روز بعد امن برج سے آج مال بردار ٹرک آر پار ہونگے ،مذاکرات تین گھنٹے جاری رہے

بدھ 26 فروری 2014 07:06

چناری(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26فروری۔2014ء) لائن آف کنٹرول کو ملانے والے امن برج پر آر پار تاجروں کے تین گھنٹے تک کامیاب مذاکرات ، سرینگر مظفر آباد تجارت کو 40 دن بعد مشروط طور پر بحال کرنے کا فیصلہ ، دوطرفہ تجارت باضابطہ طور پر آج (بدھ) کے روز سے شروع ہوگی ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لائن آف کنٹرول کو ملانے والے امن برج پر آزاد اور مقبوضہ کشمیر کے تاجروں کے درمیان تقریباً تین گھنٹے تک مذاکرات ہوئے آزاد کشمیر کی نمائندگی محموداحمد ڈار، راجہ ارشد ، اعجاز میر ، مبارک اعوان ، خوشحال قذافی ، انجم زمان اور دیگر کررہے تھے جبکہ مقبوضہ کشمیر کی نمائندگی طارق احمد خان ، ہلال ترکی ، اقبال لون ، شبیر ڈار ، محمد راشد ، اعجاز بگو اور دیگر کررہے تھے ۔

اس موقع پر ڈی جی ٹریول اینڈ ٹریڈ اتھارٹی آزاد کشمیر بریگیڈئر ریٹائرڈ محمد اسماعیل ، ٹی ایف او بشارت اقبال اور ڈی سی بارہ مولا مقبوضہ کشمری عاشق حسین ، ٹی ایف او شوکت حسین اور پاک بھارت سول و آرمی حکام بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

دوران مذاکرات مقبوضہ کشمیر کے تاجروں نے سرینگر مظفر آباد تجارت کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا جس پر آزاد کشمیر کے تاجروں نے دوطرفہ تجارت کو اکیس مارچ تک مشروط طور پر بحال کرنے کا اعلان کردیا ۔

آزاد کشمیر کے تاجروں نے موقف اختیار کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں گرفتار ڈرائیور بے گناہ ہے اگر بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں منشیات سمگلنگ الزام میں گرفتار ڈرائیور محمد شفیق اعوان کو اکیس مارچ تک رہا نہ کیا تو اکیس مارچ کے بعد نہ صرف سرینگر مظفر آباد تجارت اور تیتری نوٹ ،چکندا باغ دوطرفہ تجارت کو بھی احتجاجاً بند کردیا جائے گا۔

دونوں اطراف کے تاجروں نے مشترکہ طور پر پاک بھارت حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ دونوں ا طراف کے ٹریڈ سنٹروں پر جدید سکینر نصب کریں ہر ماہ لائن آف کنٹرول کو ملانے والے امن برج پر دونوں اطراف کے تاجروں کی میٹنگ منعقد کروائی جائے ۔ دو طرفہ تجارت کم ہونے کی بجائے بڑھے اور دونوں اطراف کے درمیان تجارت کرنے والے اصل تاجروں کے علاوہ کمیشن ایجنٹوں کی رجسٹریشن منسوخ کی جائے گی آر پار کے تاجروں کے درمیان ہونے والے کامیاب مذاکرات کے بعد سرینگر مظفر آباد تجارت آج بدھ کے روز سے باضابطہ طور پر بحال ہورہی ہے جس کیلئے مال بردار ٹرک لائن آف کنٹرول چکوٹھی پہنچنا شروع ہوگئے ہیں آج بدھ کے روز ایک بار پھر امن برج کے گیٹ چالیس روز بعد کھلیں گے اور مال بردار ٹرک آر پار ہوں گے اور اس کے ساتھ ساتھ د ونوں اطراف کے ٹریڈ سنٹروں پر رونقیں بحال ہوجائینگی ۔