شمالی وزیرستان میں آپریشن کافیصلہ نہیں ہوا،جب ہوگاتوباقاعدہ اعلان کرینگے ،پرویز رشید،عمران خان کے موٴقف میں مثبت تبدیلی آئی ہے،کیلاش کے بھائیوں کویقین دلاتاہوں انہیں مکمل تحفظ دیاجائیگا،نجی ٹی وی پروگرام میں اظہارخیال

منگل 25 فروری 2014 07:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25فروری۔2014ء)وفاقی وزیراطلاعات ونشریات پرویزرشیدنے کہاہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کافیصلہ نہیں ہوا،جب ہوگاتوباقاعدہ اعلان کرینگے ،عمران خان کے موٴقف میں مثبت تبدیلی آئی ہے ۔نجی ٹی وی پروگرام میں اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ امن کی منزل تک پرامن راستے سے پہنچناچاہتے ہیں ،جوامن کی بات نہیں سمجھتے ان کے ساتھ وہی زبان استعمال ہوگی جووہ سمجھتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ شمالی وزیرستان میں لوگ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے نہیں جنگجووٴں کی وجہ سے گھرچھوڑنے پرمجبورہیں ،حکومت گھربارچھوڑنے والوں کی مکمل دیکھ بھال کریگی۔شمالی وزیرستان میں آپریشن کافیصلہ نہیں ہواجب ہوگاتوباقاعدہ اعلان کریں گے ۔ایک سوال پرانہوں نے کہاکہ دنیامیں عدم مداخلت کی پالیسی پرکاربندہیں ،دوسرے ملکوں میں مداخلت کرتے ہیں اورنہ ہی مداخلت کی اجازت دیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کی آئینی جماعت ہے اورالیکشن کمیشن میں رجسٹرڈہے اس پرپابندی کی باتیں مناسب نہیں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کیلاش کے بھائیوں کویقین دلاتاہوں کہ انہیں مکمل تحفظ دیاجائیگاوہ کسی خوف میں مبتلانہ ہوں ،پاکستان میں رہنے والاہرشخص پاکستانی ہے ۔