طالبان کی حمایتی جماعتوں پر پابندی لگنی چاہیے، پوری قوم طالبان کے خلاف متحد ہے، شرجیل انعام میمن،پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کا دہشتگردی کے خلاف موقف واضح ہے، ہم ہر حال میں امن چاہتے ہیں،تمام صحافیوں کو سیکورٹی فراہم کریں گے، ہم آزادی صحافت پر یقین رکھتے ہیں،بچوں کی مشقت کے خلاف قوانین موجود ہیں، صوبائی وزیر اطلاعات

منگل 25 فروری 2014 07:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25فروری۔2014ء) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ہر وہ تنظیم جو براہ راست یا بالواسطہ طالبان کی حمایت کرتی ہے، اس پر پابندی لگنی چاہیے، پوری قوم طالبان کے خلاف متحد ہے،پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کا دہشتگردی کے خلاف موقف واضح ہے، ہم ہر حال میں امن چاہتے ہیں،حکومت سندھ ان تمام صحافیوں کو سیکورٹی فراہم کرے گی، جنہیں خطرہ ہے یا دھمکیاں دی جارہی ہیں، ہم آزادی صحافت پر یقین رکھتے ہیں،بچوں کی مشقت کے خلاف قوانین موجود ہیں، بدقسمتی سے آج بھی بچے اسکول جانے کی بجائے مختلف جگہوں پر کام کرتے ہوئے نظر آتے ہیں، اس کی ذمہ داری پورے معاشرے پر عائد ہوتی ہے، ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

وہ پیر کو سندھ اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ، تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ (فنکنشنل) کے مختلف ارکان کی جانب سے توجہ دلاؤ نوٹس پر جواب دے رہے تھے۔

(جاری ہے)

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جب وفاقی حکومت مذاکرات کررہی تھی تو سندھ حکومت طالبان اور دیگر دہشتگردوں کے خلاف کریک ڈاؤن کررہی تھی۔ طالبان لاتوں کے بھوت ہیں جو باتوں سے نہیں مانیں گے۔

ان کے نیٹ ورک کو ہر حال میں نیست و نابود کرنا ہوگا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہر وہ تنظیم، جو براہ راست یا بالواسطہ طالبان کی حمایت کرتی ہے، اس پر پابندی لگنی چاہیے۔ پوری قوم طالبان کے خلاف متحد ہے۔ بینظیر بھٹو نے راولپنڈی میں اپنے آخری خطاب میں کہا تھا کہ دہشتگردوں کے خلاف پوری قوم کو ایک ہونا ہوگا۔ پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر سوات میں دوبارہ پاکستان کا پرچم لہرائے گی اور پیپلز پارٹی کی حکومت نے بینظیر بھٹو کا یہ خواب پورا کیا اور سوات میں پاکستان کا پرچم لہرایا۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگرد پورے ملک میں پھیلے ہوئے ہیں۔ پیپلز پارٹی ہر حال میں ان کے خلاف ایکشن چاہتی ہے۔ سندھ میں پولیس، رینجرز اور انٹیلی جنس اداروں نے طالبان دہشتگردوں کی گرفتاریاں کی ہیں اور بہت سے دہشتگرد مقابلے میں مارے بھی گئے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (فنکنشنل) کی خاتون رکن مہتاب اکبر راشدی کے توجہ دلاؤ نوٹس پر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ ان تمام صحافیوں کو سیکورٹی فراہم کرے گی، جنہیں خطرہ ہے یا دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

ہم آزادی صحافت پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے، ان میں معاشرے کا ہر طبقہ متاثر ہے۔ سندھ کے دیہی علاقوں میں صحافیوں کو درپیش خطرات کی تحقیقات کی جائیں گی اور انہیں تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ پاکستان تحریک انصاف کی ڈاکٹر سیما ضیاء کے توجہ دلاؤ نوٹس پر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بچوں کی مشقت کے خلاف قوانین موجود ہیں۔ بدقسمتی سے آج بھی بچے اسکول جانے کی بجائے مختلف جگہوں پر کام کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ اس کی ذمہ داری پورے معاشرے پر عائد ہوتی ہے۔ ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔