مذاکرات کیلئے پہلے بھی تیار ہوئے ، اب بھی تیار ہیں ، ملا فضل اللہ ، مذاکرات کیلئے حکومت نے پہل کی تو ہم دو قدم آگے بڑھائیں گے ، ملک بھر میں ہمارے ساتھیوں کو قتل کرنے والوں کو جانتے ہیں لیکن قوم کی خاطر خاموش ہیں ، کالعدم تحریک طالبان کے امیر ملا فضل اللہ کی اُردو پوائنٹ سے خصوصی گفتگو

منگل 25 فروری 2014 07:35

پشاور(رحمت اللہ شباب۔اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25فروری۔2014ء)کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے امیر ملا فضل اللہ نے کہا ہے کہ وہ پہلے بھی مذاکرات کیلئے تیار ہوئے اب بھی مذاکرات کیلئے مکمل طور پر سنجیدہ ہیں ، لیکن حکومت کو اب پہل کرنا ہو گی ، نامعلوم مقام سےاُردو پوائنٹ کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں معلوم ہے کہ کون ہمارے ساتھیوں کو بے دردی سے مار رہا ہے، ہم قوم کی خاطر خاموش ہیں ، انہوں نے الزام لگایا کہ پہلے اسلام آباد میں ہمارے ایک ساتھی کو قتل کیا گیا بعد ازاں یہ سلسلہ پورے ملک میں پھیل گیا تا کہ مجاہدین آپس میں دست و گریباں ہو جائیں لیکن ہم ان سب کے باوجود مذاکرات کیلئے تیار ہوئے اور اب بھی مذاکرات کیلئے ہم مکمل سنجیدہ ہیں ، لیکن حکومت کو پہل کرنی ہو گی ۔

(جاری ہے)

حکومت کے پہل کرنے پر ہم قوم کی خاطر دو قدم آگے بڑھائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت اُمت مسلمہ مشکل ترین دور سے گزر رہی ہے، کفریہ طاقتوں نے کمزور ایمان مسلمانوں کو اپنا اعلیٰ کار بنایا ہوا ہے اور انہی کے ذریعے مجاہدین میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مغربی طاقتیں جہاد کے نام سے خوفزدہ ہیں ، جہادی قوتوں کو آپش میں لڑانا چاہتی ہیں ۔