جماعت اسلامی اور تحریک انصاف طالبان کی حمایت کر نا بند کر دیں،عاصمہ جہانگیر

اتوار 23 فروری 2014 07:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23فروری۔2014ء)سپریم کورٹ بار کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر کا کہنا ہے اس وقت ملک نازک حالات سے گزر رہا ہے سب کو حکومت کے ہاتھ مضبوط کرنے چاہییں۔ اگر ریاست اپنے عوام کی حفاظت نہ کرے تو پھر کون کرے گا۔گزشتہ روزعاصمہ جہانگیر لاہور ہائی کورٹ بار میں میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف طالبان کی حمایت کر نا بند کر دیں۔

جو لوگ مذاکرات کی بات کرتے ہیں ان کے اپنے بچے محفوظ ہیں مر تو عوام کے بچے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ آپریشن سے دہشت گردی بڑھنے کا خطرہ موجود ہے مگر اس کے سوا اب کوئی چارہ نہیں رہ گیا۔ عاصمہ جہانگیر نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف جو طالبان کی حمایت کر رہے ہیں وہ اپنے بچے ان کے پاس کیوں نہیں بھیجتے ،لاہور ہائی کورٹ بار میں گفتگو کرتے ہوئے عاصمہ جہانگیر نے کہا کہ منور حسن ، اور عمران خان طالبان سے مذاکرات کی باتیں کرتے تھے اور کہتے تھے کہ انہیں کچھ نہ کہا جائے انہوں نے کہا کہ طالبان ہمارے بچے اغوا کرتے ہیں ملک پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں اگر جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کو اتنی ہی ہمدردی ہے تو وہ اپنے بچے وہاں بھیجیں انہوں نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔