حکومت بالخصوص وزارت داخلہ تمام محکموں سے بدعنوانی اور اقربا پروری کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے ، چوہدری نثار ، وفاقی وزیر داخلہ سے لارڈ نذیر احمد کی ملاقات ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں بالخصوص برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیا ل

اتوار 23 فروری 2014 07:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23فروری۔2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ حکومت بالخصوص وزارت داخلہ تمام محکموں سے بدعنوانی اور اقربا پروری کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے تاکہ عام عوام بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانی جو مختصر وقت کے لیے آبائی وطن آتے ہیں کو تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی دارالامراء کے رکن لارڈ نذیر احمد سے ملاقات کے دوران کیا ۔

ملاقات میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں بالخصوص برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سمندر پار پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی اور وطن واپسی پر مشکلات کا سامنا کرنے سے متعلق لارڈنذیر احمد کی درخواست پر وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کو ایک خصوصی سیل قائم کرنے کی ہدات کی ایک خصوصی سیل قائم کیا جائے جو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنے آبائی وطن میں قیام کے دوران درپیش مشکلات کا جائزہ لے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے امیگریشن حکام کو بھی تمام مسافروں کو دوستانہ ماحول فراہم کرنے کی ہدایت کی اس موقع پربرطانوی رکن لارڈ نذیر احمد نے بھی وزیر داخلہ کو برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا ۔ ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات کوبھی زیر بحث لایا گیا اور دونوں ملکوں کی حکومتوں اور پارلیمنٹس کے مابین قریبی رابطوں کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے ۔