حالیہ دورہ چین سے پاک چین دوستی کا رشتہ مزید مضبوط ہوگا ،دوطرفہ تجارتی تعلقات فروغ پائیں گے،شہبازشریف،پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند،سمندر سے گہری ،شہدسے میٹھی اورفولاد سے زیادہ مضبوط ہے، چینی سرمایہ کاروں سے مفید بات چیت ہوئی، حالیہ دورہ چین سے توانائی کے علاوہ انفراسٹرکچراور ٹرانسپورٹ کے میدان میں بھی چین کا تعاون حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب کی چین کے چار روزہ دورہ کے بعد لاہور پہنچنے پر گفتگو

اتوار 23 فروری 2014 07:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23فروری۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دورہ چین کے دوران چینی قیادت کے ساتھ انتہائی مفید اورسود مند ملاقاتیں ہوئیں ۔بلاشبہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات حالیہ دورہ چین سے نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔پاکستان اورچین کی دوستی ہمالیہ سے بلند،سمندر سے گہری ،شہدسے میٹھی اورفولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔

دورہ چین کے دوران جو محبت، پیار اورخلوص ملا وہ ناقابل فرموش ہے۔چین کے چار روزہ دورہ سے وطن واپسی پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ دورے کے دوران چین کے صدر،وزیراعظم او رچینی حکام سے انتہائی سود مند ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ دورے کے دوران چین کی توانائی کی مختلف کمپنیوں اور سرمایہ کاروں سے بھی مفید بات چیت ہوئی-حالیہ دورہ کے نتیجے میں پاک چین دوستی اور تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

(جاری ہے)

چین کی جانب سے پاکستان میں مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے دوستی کا رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔ چین کی حکومت اور سرمایہ کاروں کے تعاون سے ملک سے بجلی کے اندھیرے دور کریں گے۔دورہ چین میری سیاسی زندگی کا ایک اہم ترین دورہ تھا اور اس دورہ کا کلیدی مقصدانرجی کے شعبہ میں چین کی مہارت اور تجربے سے استفادہ کرنا ہے ۔لیکن مجھے خوشی ہے کہ اس دورے میں ہم انفراسٹرکچراور ٹرانسپورٹ کے میدان میں بھی چین کا تعاون حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

چین کی قیادت نے اپنے بہترین حسن و سلوک سے ہمارے دل جیت لیے ہیں۔چین کی تیز رفتار ترقی اقوام عالم کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے عوام محنت ،دیانت اورخلوص نیت کے ساتھ آگے بڑھیں تو کوئی وجہ نہیں کے ترقی کی منازل طے کی جاسکتی ہیں ۔پاکستان وسائل کی دولت سے مالا مال ہے تاہم بد قسمتی سے ان وسائل کا ماضی میں درست استعمال نہیں کیا گیاجس کے باعث آج ملک میں اندھیروں کا راج ہے لیکن مسلم لیگ (ن) کی حکومت چین جیسے دوست ممالک کے تعاون سے وطن عزیز کے دروبام روشنیوں سے جگمگانے کے لیے کوشاں ہے اورانشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب ملک میں روشنیوں کا راج ہوگا، معیشت پھلے پھولے گی، صنعت کاری کا عمل تیز رفتاری سے چلے گااورزراعت ترقی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں اورچین کے ساتھ تجارتی روابط کو فروغ دینے سے دونوں ملکوں میں باہمی تجارت اورروزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد مل رہی ہے اورچین کے ساتھ پاکستان کے دیرپادوستانہ تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں۔