پاکستان افغانستان کا دوستانہ روابط اور باہمی تعلقات کی اہمیت پر اتفاق ،دونوں ملکوں کو مشترکہ دشمن اور مشکلات کا سامنا ہے،جن سے نمٹنے کیلئے مل جل کر کام کرنا ہوگا،اسحاق ڈار کی دورہ کابل میں صدر کرزئی سے ملاقات ،وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا، افغانستان اقتصادی تعاون کیلئے پاکستان کے تمام اقدامات کی حمایت کرے گا،صدرکرزئی کی یقین دھانی

اتوار 23 فروری 2014 07:19

کابل(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23فروری۔2014ء)پاکستان اور افغانستان نے دوستانہ روابط اور باہمی تعلقات کی اہمیت پر اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کو مشترکہ دشمن اور مشکلات کا سامنا ہے،جن سے نمٹنے کیلئے مل جل کر کام کرنا ہوگا،وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ہفتہ کو اپنے دورہ کابل میں افغان صدر حامد کرزئی سے ملاقات میں انہیں مشترکہ اقتصادی کمیشن کے نویں اجلاس کے ایجنڈے اور افغانستان کی تعمیر نو کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا،وزیرخزانہ نے افغان صدر کو وزیراعظم میاں نواز شریف کی طرف سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا،افغان صدر نے اسحاق ڈار کو یقین دلایا کہ افغانستان اقتصادی تعاون کیلئے پاکستان کے تمام اقدامات کی حمایت کرے گا،صدر کرزئی نے افغان عوام کے پرامن مستقبل کیلئے افغانستان میں مفاہمتی عمل کی اہمیت پر زور دیا ،افغان صدر نے افغانستان میں مصالحت کی کوششوں میں پاکستان کی اہمیت بھی واضح کی،وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے کابل میں نویں مشترکہ اقتصادی کمیشن کے اجلاس میں شرکت کے علاوہ پاکستان کی طرف سے افغانستان کی مدد کیلئے تعمیرکئے گئے بڑے منصوبوں کا دورہ کریں گے۔