بھارتی قید میں پاکستانی قیدی کی پراسرار موت،شوکت علی نے خودکشی کی ہے،جیل حکام کا دعوی ،دفتر خارجہ کی بھارتی جیل میں پاکستانی قیدی کی ہلاکت کی تصدیق ،شوکت علی کی خودکشی کی میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں ،بھارتی حکومت نے ابھی تک پاکستانی قیدی کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی،تسنیم اسلم

اتوار 23 فروری 2014 07:19

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23فروری۔2014ء)ایک پاکستانی قیدی ، جسے بھارت میں حکام کی جانب سے دو سال سے زائد عرصہ قبل زبردستی بھارتی حدود میں گھسنے پر گرفتارکیا گیا تھا ، مقبوضہ کشمیر میں ایک جیل کے اندر پراسرار طور پر اس کی موت واقع ہوگئی ہے بھارتی جیل حکام کا نے دعوی کیا ہے کہ قیدی نے خودکشی کی ہے اور وہ جیل میں لٹکتی ہوئی حالت میں پایا گیاہے ۔

یہ بات ایک اہلکار نے ہفتہ کے روز کہی ۔42سالہ شوکت علی کا تعلق پاکستانی علاقے سیالکوٹ سے سے ہے ، وہ مقبوضہ کشمیر کے مرکزی شہر سرینگر سے تقریباً 300کلومیٹر(186میل) دور امفالہ میں دسمبر2011ء سے ایک جیل میں قید رہا ہے ، اسے دونوں ملکوں کے درمیان ڈی فیکٹو سرحد غیر قانونی طور پر عبور کرنے کے الزامات پر گرفتار کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

جیل سپرنٹنڈنٹ ہریش کوٹوال نے فرانسیسی خبررساں ادارے کو بتایا کہ جمعرات کی رات ایک قیدی نے جیل حکام کو بتایا کہ شوکت بیرکس میں ایک بیت الخلاء کی گرل سے لٹک رہا ہے ۔

کوٹوال نے کہا کہ اس نے ایک سکارف کی مدد سے خود کو باندھ کر لٹکایا اور جب اسے نیچے اتارگیا تو جیل ڈاکٹر نے اسے مردہ قرار دیا ۔ایک اور پولیس افسر نے کہا کہ واقعہ کی مجسٹریٹ کے ذریعے تحقیقات کرائی جائیں گی اور اس کی لاش پاکستانی حکام کے حوالے کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے ۔گزشتہ مئی میں ایک پاکستانی قیدی جیل میں اس وقت زخموں کی تاب نہ چل بسا تھا جب بھارتی کشمیر میں ایک اور جیل میں ساتھی قیدیوں نے اسے بری طرح سے مار پیٹ کا نشانہ بنایا تھا ، اس واقعہ کی عالمی سطح پر تحقیقات کے مطالبات سامنے آئے تھے ۔

اس کی موت لاہور کے ایک کوٹ لکھپت جیل میں بھارتی قیدی سربجیت سنگھ پر اسی طرح کے حملے کے بعد سامنے آئی تھی جو کہ ایک اعلیٰ سطحی قیدی تھا جسے 21سال سے زائد عرصے سے سزائے موت کا سامنا تھا ۔بھارت اور پاکستان متواتر ایک دوسرے کے شہریوں کو زبردستی سرحد عبور کرنے پر حراست میں رکھتے ہیں اور ان میں سے کئی ایک کو کئی سالوں تک جیلوں میں رہنا پڑتا ہے اس کے باوجود کہ ان کی قید کی مدت گزر جاتی ہے لیکن دونوں ملکوں کے درمیان خراب سفارتی تعلقات کی وجہ سے طویل عرصے تک سرکاری لوازمات پورے نہیں ہوپاتے۔

ادھردفتر خارجہ نے بھارتی جیل میں پاکستانی قیدی کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم کے مطابق شوکت علی کی خودکشی کی میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں تاہم بھارتی حکومت نے ابھی تک پاکستانی قیدی کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی،دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے بھارتی دفتر خارجہ سے رابطہ کیا ہے،شوکت علی کو دسمبر2011ء میں غلطی سے سرحد پار کرنے پر بھارتی فورسز نے گرفتار کیا،شوکت علی کو گرفتار کرنے کے بعد جموں جیل میں بند کردیاگیا تھا۔

متعلقہ عنوان :