وسطی کرم اور ہنگو میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر ہیلی کاپٹرز کی شیلنگ ،12شدت پسند ہلاک ،4ٹھکانے اور گاڑیاں تباہ،پشاور میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام‘ سڑک کنارے بم نصب کرنے والا دہشت گرد بم پھٹنے سے ہلاک

اتوار 23 فروری 2014 07:18

ہنگو(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23فروری۔2014ء) وسطی کرم اور ہنگو کے سرحدی باؤنڈری میں قائم شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر ہیلی کاپٹروں کی شیلنگ ،12شدت پسند ہلاک ،4ٹھکانے اور گاڑیاں تباہ ۔ تفصیلات کے مطابق ضلع ہنگو اور وسطی کرم کی سرحدی باؤنڈری کے علاقوں کورت اور زارہ جنگل میں قائم شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر ہفتے کی صبح پاکستانی ہیلی کاپٹروں نے شدید بمباری کی اورمیزائل داغے جس کے نتیجے میں ذرائع کے مطابق 12شدت پسند ہلاک ہوگئے جبکہ شدت پسندوں کے 4 ٹھکانے اور گاڑیاں بھی تباہ کردی گئی ہیں علاقہ دور افتادہ ہونے کی وجہ سے سرکاری طور پر یا آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے اور تفصیلات معلوم نہیں ہوسکی ہیں ۔

ادھرپشاور میں پولیس کی گشتی ٹیم پر حملے کے پیش نظر سڑک کنارے بم نصب کرنے والا شخص خود بم پھٹنے سے ہلاک ہوگیا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کے روز پولیس ذرائع کے مطابق پشاور کے نواحی علاقے ناصر باغ میں نامعلوم عسکریت پسند پولیس گشتی ٹیم پر حملے کیلئے سڑک کنارے بم نصب کررہا تھا کہ اس دوران بم پھٹ گیا جس سے بم نصب کرنے والے شخص کے جسم کے اعضاء اور ٹانگیں دور جاگریں جسے پولیس نے قبضے میں لے لیا جبکہ پولیس نے یہ بھی کہا کہ ہوسکتا ہے کہ یہ شخص خودکش حملہ آور ہو جوکہ پشاور میں دہشت گردی کی کارروائی کیلئے آرہا ہو لیکن راستے میں ہی خودکش جیکٹ کے پھٹنے سے ہلاک ہوگیا۔

متعلقہ عنوان :