وزیراعظم نے تھری جی پالیسی ڈائریکٹیو کی منظور دے دی ، آئندہ ماہ تھری جی کی لائسنز کی نیلامی کی جائے گی، اسحاق ڈار،پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے دوسرا پسندیدہ ملک ہے، آئی ایم ایف نے بھی تسلیم کیا ہے معیشت بہتر ہورہی ہے،وزیر خزانہ کی پریس کانفرنس

ہفتہ 22 فروری 2014 07:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22فروری۔2014ء) وفافی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے تھری جی پالیسی ڈائریکٹیو کی منظور دے دی جس کے بعد آئندہ ماہ تھری جی کی لائسنز کی نیلامی کی جائے گی،پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے دوسرا پسندیدہ ملک ہے، آئی ایم ایف نے بھی تسلیم کیا ہے معیشت بہتر ہورہی ہے۔

جمعہ کے روز اسلام آباد میں ایک نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا وزیر خزانہ نے کہا کہ تھری جی کے تین اور فور جی سپیکٹرم کے دولائسنسوں کی اس سال اپریل میں نیلامی ہوگی۔اسحاق ڈار نے کہا کہ ہر تھری جی سپیکٹرم لائسنس کی بولی کے لئے انتیس کروڑ پچاس لاکھ ڈالر اور ہر فور جی لائسنس کے لئے اکیس کروڑ ڈالر کی رقم مقر ر کی گئی ہے انہوں نے کہاکہ نئے آنے والوں کے لئے مخصوص قیمت انتیس کروڑ دس لاکھ ڈالرہوگی۔

(جاری ہے)

وزیرخزانہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ گزشتہ سال دسمبر میں پچھلے سات سال کی نسبت صنعتی ترقی کی رفتارسب سے زیادہ تھی۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے بھی تسلیم کیا ہے کہ معیشت بہتر ہورہی ہے۔اسحاق ڈار نے کہاکہ رواں مالی سال کے دوران مجموعی ملکی پیداوار کی شرح نمو چار فیصد سے زائدہو جائے گی۔وزیرخزانہ نے کہا کہ ایک جاپانی سروے کے مطابق پاکستان اب غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے دوسرا پسندیدہ ترین ملک ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ مارچ کے اختتام تک تھری جی اسپیکٹرم کی نیلامی کا عمل شروع ہوگا جس میں سعودی عرب، قطر اور ترکی کی کمپنیاں دلچسپی رکھتی ہیں تاہم ابتدائی طور پر تھری جی کے فی لائسنز کی قیمت 295 ملین ڈالر رکھی گئی ہے، وزیر خزانہ نے کہا کہ تھری جی اور 4 جی لائسنز کی فروخت کا عمل شفاف طریقے سیمکمل کیا جائے گا، تھری جی کے 3 اور 4 جی کے 2 لائسنز جاری کئے جائیں گے۔