قائمہ برائے مذہبی امور کا پرائیویٹ حج ٹورز آپریٹرز کی تفصیلات بروقت فراہم نہ کرنے پر اظہار برہمی، من پسند کمپنیوں کو کوٹہ دیا جاتاہے، جن ٹورز آپریٹرز کو کوٹہ فراہم کیا گیا اور جنہیں نظر انداز کیاگیا ان کی تفصیلات 4روز میں کمیٹی کو بھجوائی جائیں،10 ہزار شکایات کے باوجود کمیٹی کی وزارت کو کلین چٹ، گذشتہ سال بہترین حج کرانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے حسن کارکردگی کی قرارداد منظو کرلی، آئندہ اجلاس میں پی آئی اے کو بھی طلب کرلیاگیا

ہفتہ 22 فروری 2014 07:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22فروری۔2014ء)ایوان بالا کی مجلس قائمہ برائے مذہبی امور نے پرائیویٹ حج ٹورز آپریٹرز کی تفصیلات بروقت فراہم نہ کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہاہے کہ اکثر معاملات سے وفاقی وزیر کو بھی لاعلم رکھا جاتاہے،کمیٹی جو سفارشات کرے ان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ، من پسند کمپنیوں کو کوٹہ دیا جاتاہے، جن ٹورز آپریٹرز کو کوٹہ فراہم کیا گیا اور جنہیں نظر انداز کیاگیا ان کی تفصیلات 4روز میں کمیٹی کو بھجوائی جائیں، کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں پی آئی اے کو بھی طلب کرلیاگیا۔

10 ہزار شکایات کے باوجود کمیٹی کی وزارت کو کلین چٹ، گزشتہ سال بہترین حج کرانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے حسن کارکردگی کی قرارداد منظو کرلی۔ وزارت مذہبی امور نے حج پالیسی ڈرافٹ بارے بتایاہے کہ حرم کعبہ کی توسیع کے باعث 20فیصد کٹ برقرار ہے، 1لاکھ 43 ہزار368 پاکستانی عازم حجاز ہونگے، نصف حاجی پرائیویٹ سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کرینگے، امسال سرکاری سکیم کے تحت حج 3500 ریال میں ہوگا، ایک ہی وائٹ کیٹیگری اور پہلے آئیے پہلے پائیے کی پالیسی متعارف کرائی گئی ہے، مارچ میں درخواستیں وصول کی جائینگی، شاہین ائر لائن نے پی آئی اے سے کم ائر آپریشن کا پیکج دیاہے، کوئی کمپنی من پسند نہیں، 19کمپنیوں کو میرٹ پر کوٹہ دیا، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہاہے کہ حاجیوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کرینگے، کوشش کرینگے کہ کسی کو تکلیف نہ ہو، 300خدام اور 450 سرکاری ملازمین ہیلتھ آپریشن میں حصہ لیں گے، افرادی قوت فوج و دیگر اداروں سے لیں گے ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے برائے مذہبی امورو بین المذاہب ہم آہنگی کا اجلاس سینیٹر حافظ حمد اللہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس ہوا۔ اجلاس میں اراکین کمیٹی، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وزارت مذہبی امور کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ سیکرٹری وزارت مذہبی امور عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کے باعث شرکت نہ کرسکے، کمیٹی نے صحت یابی کیلئے دعا کی۔

اجلاس میں حج پالیسی 2013-14ء اور گزشتہ اجلاس میں دی جانیوالی سفارشات کا جائزہ لیاگیا ۔ کمیٹی نے گزشتہ حج کے موقع پر وزارت کی جانب سے حجاج کرام کیلئے بہترین انتظامات اور شکایات کافوری ازالہ کرنے پر حسن کارکردگی کی قرارداد منظور کی اور امید ظاہر کی کہ وزارت آئندہ بھی حجاج کی سہولت کیلئے ایسے اقدامات اٹھائیگی۔ وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ گزشتہ حج کے موقع پر 10ہزار شکایات موصول ہوئیں جن میں سے اکثر کو نمٹادیاگیا۔

حج پالیسی 2014-15ء کا ڈرافٹ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار کرلیاہے اور اس حوالے سے کراچی لاہور سمیت مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے ٹورز آپریٹرز ، سعودی وزارت حج ، وزیراعظم کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی سے مشاورت کے اجلاس منعقد کئے گئے ہیں۔ کمیٹی اجلاس کے دوران رکن کمیٹی سینیٹر زاہد خان نے کمیٹی اجلاس تاخیرسے طلب کرنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ بتایا جائے کہ ستمبر2013ء کے بعد اب تک 5 ماہ کس چیز کا انتظار کیاگیا اور کیوں تاخیر کی گئی۔

انہوں نے گزشتہ کمیٹی میں ٹورز آپریٹرز کو دیئے جانے حج کوٹہ کے طریقہ کار کی تفصیلات اور ٹورز آپریٹرز کی فہرست بروقت فراہم نہ کرنے پر احتجاج کیا اس موقع پر کمیٹی چیئرمین سینیٹر حمداللہ نے رکن کمیٹی کے اعتراض کی تائید کرتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہاکہ کمیٹی کی تجویز کردہ سفارشات پربروقت عملدرآمد نہیں ہوتا ،اس معاملے پر وزارت غفلت کی مرتکب ہورہی ہے جبکہ اکثر معاملات کو وفاقی وزیر مذہبی امور سے بھی چھپایا جاتاہے کمیٹی جو تجاویز دے اس پر فوری عملدرآمد کو وزارت یقینی بنائے۔

سینیٹر زاہد خان نے کہاکہ گزشتہ حج کے موقع پر وزارت نے طریقہ کار وضع نہ کرتے ہوئے من پسند حج آپریٹرز کو کوٹہ فراہم کیا جس پر وفاقی وزیر نے موقف اختیار کیا کہ میرٹ کے مطابق 19 کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا اور انہیں کوٹہ فراہم کیا جبکہ اس سلسلے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو بھی مد نظر رکھاگیاہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 2033 ایچ جی اوز میں سے 18 کو 48 اور 19 کو 46 حجاج کا کوٹہ دیاگیا۔

انہوں نے بتایا کہ حج پالیسی میں صوبائی سطح پر کوئی کوٹہ نہیں ہے اور نہ ہی من پسند افراد کو کوٹہ دینے کی بات میں صداقت ہے جس پر کمیٹی نے گزشتہ حج کے دوران وزارت کی جانب سے شارٹ لسٹ کئے گئے آپریٹرز کی فہرست اور کوٹہ فراہم کرنے کا طریقہ کار طلب کرتے ہوئے دیگر کمپنیوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں جس پر وزارت نے یقین دہانی کرائی کہ 4 روز میں کمیٹی کو فراہم کردی جائیں گی۔

اس موقع پر جوائنٹ سیکرٹری حج شہزاد احمد نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ حج پالیسی ڈرافٹ 2014ء تیار کرلیاگیاہے انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال کی طرح امسال بھی حرم کعبہ میں توسیع کے باعث 20فیصد حج کوٹہ پر کٹ لگا ہے جس کے بعد 1 لاکھ 43 ہزار 368 پاکستانی عازم حج ہوں گے ،سرکاری اور پرائیویٹ حج سکیم میں نصف تقسیم ہونگے حاجیوں کی سہولت کیلئے گزشتہ سال کی نسبت امسال ایک ہی کیٹیگری وائٹ متعارف کرائی جارہی ہے جس کے تحت حج 2014ء 3500 ریال میں کیا جاسکے گا جبکہ قربانی کو بھی اختیار کردیاگیاہے اگر حاجی بنک کے ذریعے قربانی کرانا چاہیں تو انہیں 500 ریال اضافی دینا ہونگے جوکہ قابل واپسی نہیں ہونگے البتہ جو حجاج اپنے اختیار کے تحت قربانی کا فریضہ انجام کرنا چاہتے ہیں انہیں 1500ریال اضافی لے جانے کی ہدایت کی جائیگی۔

انہوں نے مزید بتایاکہ 300 خدام افواج پاکستان اور دیگر محکموں سے لئے جائینگے جبکہ ہیلتھ آپریشن کیلئے 450 افراد کی خدمات لی جائینگی جن میں سے 50فیصد آرمڈفورسز سے لئے جائینگے ۔ انہوں نے بتایا کہ حج ائر آپریشن کیلئے پی آئی اے اور سعودی ائر لائن پچاس فیصد حجاج کرام کو حجاز مقدس لے کر جائیں گی ۔ انہوں نے اس موقع پر محافظ فنڈز کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ فنڈز فی حاجی سے 400 روپے ہی وصول کیا جائیگا جبکہ موت واقع ہونے کی صورت حج انشورنس کی رقم کو 3لاکھ سے بڑھا کر 5 لاکھ کردی ہے۔

انہوں نے کہاکہ حجا ج کی تربیت کا آغاز اپریل کے آخر میں شروع ہوجائیگا۔ انہوں نے مزید بتایاکہ پاکستان ائر لائنز سے میٹنگ ہوئی ہے جس میں انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیاہے کہ تمام پچاس فیصد حاجیوں کے ائر آپریشن کیلئے انہیں ہی نامزد کیا جائے اور حج پیکج کے حوالے سے انہوں نے نارتھ پاکستان سے فی حاجی 2 لاکھ 87 ہزار 381 جبکہ ساؤتھ پاکستان کیلئے فی حاجی 3 لاکھ 23 ہزار کے پیکج کی پیشکش کی ہے پی آئی اے کو امسال 56 ہزار 500 حاجیوں کو لے جانے کی ذمہ داری دی جائیگی جبکہ پی آئی اے تمام سرکاری حاجیوں کو لے جانے کا مطالبہ کررہاہے ۔

تاہم شاہین ائر لائن نارتھ پاکستان کیلئے 282 ہزار 381 اور ساؤتھ پاکستان سے 2لاکھ 94 ہزار 381 روپے کے پیکج کی پیشکش کی ہے جبکہ شاہین ائر لائن نے امسال اپنا کوٹہ 14 ہزار سے بڑھا کر 30ہزار حجاج کرام کا مطالبہ بھی کیاہے ۔ سعودی ائر لائن نے ابھی تک اپنے پیکج بارے مطلع نہیں کیا۔ قبل ازیں کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں پی آئی اے حکام کو بھی حج ائر آپریشن کے حوالے سے بریفنگ کیلئے طلب کرلیا۔

متعلقہ عنوان :