چین کے ساتھ توانائی شعبے میں تعاون سے توانائی بحران سے نمٹنے میں مددملے گی،صدرممنون حسین

ہفتہ 22 فروری 2014 07:22

شنگھائی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22فروری۔2014ء)صدرمملکت ممنون حسین نے پاک چین توانائی کے منصوبوں پر جلدازجلدعملدرآمدپرزوردیتے ہوئے کہاہے کہ چین کے ساتھ توانائیکے شعبے میں تعاون سے ملک میں توانائی کے بحران سے نمٹنے میں مددملے گی ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ایگزیکٹونائب میئرآف شنگھائی توگوانگ ساوٴسے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

شنگھائی میگاسٹی آمدپرصدرمملکت کاخیرمقدم کرتے ہوئے نائب میئرنے کہاکہ صدرکے پہلے سرکاری دورے سے دونوں ممالک کے درمیان کثیرالجہتی تعاون مستحکم ہوگااوراس کے ساتھ ساتھ دوجڑواں شہروں شنگھائی اورکراچی کومزیدقریب لانے میں مددملے گی ۔اس موقع پرصدرممنون حسین نے اس امرپرخوشی کااظہارکیاکہ شنگھائی اورکراچی اپنے قیام کی 30ویں سالگرہ منارہے ہیں اورکراچی کارہائشی ہونے کے ناطے وہ اس پرمسرت موقع پرشنگھائی آکربہت خوشی محسوس کررہے ہیں ،شنگھائی کے اپنے دورے کے حوالے سے صدرمملکت نے کہاکہ وہ شنگھائی کی بے مثال ترقی سے بہت متاثرہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہاکہ شنگھائی کی مستقبل بینی اورہمہ وقت بدلتاہوامنظرنامہ چین کی غیرمعمولی اقتصادی ترقی کی علامت ہے ،پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کواجاگرکرتے ہوئے صدرممنون حسین نے کہاکہ پاکستان مختلف شعبوں جن میں توانائی ،مواصلات انفراسٹرکچرکے شعبہ میں سرمایہ کاری کے شاندارمواقع پیش کرتاہے ،جن سے سرمایہ کاروں کواستفادہ کرناچاہئے ،صدرمملکت نے شنگھائی کے دورے کے دوران پرتپاک مہمان نوازی پرشنگھائی حکومت کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان آزمودہ دوستی ہرگزرنے والے دن کے ساتھ ساتھ مزیدمضبوط ہوگی ۔

ملاقات کے موقع پروفاقی وزیرمنصوبہ بندی وترقی احسن اقبال ،وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اوردونوں ممالک کے سفیربھی موجودتھے ۔ملاقات کے بعدشنگھائی کے ایگزیکٹونائب میئرنے صدرممنون حسین کے اعزازمیں عشائیہ بھی دیا

متعلقہ عنوان :