آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا اسٹرٹیجک کمانڈ فورس ہیڈکوارٹر، ایف سی ہیڈکوارٹر خیبر پختونخواہ کا دورہ ، دہشتگردی کیخلاف سکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کی تعریف ، افواج پاکستان ہر قسم کے اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں ، کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے ، مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بھی تیار ہیں ، جنرل راحیل شریف

ہفتہ 22 فروری 2014 07:19

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22فروری۔2014ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج ہر قسم کی دہشتگردی اور اندورنی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے ، مستقبل میں بھی ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں ۔ گزشتہ روز آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایف سی ہیڈکوارٹر خیبر پختونخواہ کا دورہ کیا اور اہلکاروں سے بات چیت کی ۔

آرمی چیف نے نوجوانوں کے جذبے اور مورال کی تعریف کی اور کہا کہ قوم ان کی پاکستان سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کوششوں اور قربانیوں کو سراہتی ہے آرمی چیف نے یقین دہانی کرائی کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی ۔ آرمی چیف نے دہشتگردی کیخلاف سکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان ہر قسم کے اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں مسلح افواج کی صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کیخلاف ایف سی کی قربانیوں کو تسلیم کرتی ہے اور اس پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے کہ پاک فوج جنگجو فورس ہے اور پاک فوج ہر قسم کے اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور مستقبل میں بھی ہر چیلنج سے نمٹنے کیلئے بالکل تیار ہے ۔ اس سے پہلے پشاور پہنچنے پر کور کمانڈر پشار لیفٹیننٹ جنرل خالد ربانی اور انسپکٹر جنرل ایف سی خیبر پختونخواہ میجر جنرل غیورمحمود نے آرمی چیف کا استقبال کیا ۔

اس سے پہلے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا جوہری پروگرام ملک کی دفاع میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے ، پاکستان کم سے کم ڈیٹرنس کی پالیسی کو جاری رکھے گا، ان خیالات کا اظہار آرمی چیف نے جمعہ کے روز آسٹرٹیجک کمانڈ فورس کے ہیڈکوارٹر کے دورے کے دوران کیا ۔ آرمی چیف کو کمانڈر اسٹرٹیجک فورس لیفٹیننٹ جنرل عبید اللہ نے گزشتہ دو سال سے آرمی اسٹرٹیجک فورس کی ٹریننگ کرنے والے اہلکاروں پر بریفنگ دی گئی جس کے بعد آرمی چیف نے اسٹرٹیجک فورس لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ کے ٹریننگ کے معیار کو سراہا اور کہا کہ جوانوں کی ٹریننگ بڑے پروفیشنل انداز میں کی گئی ہے اس کے علاوہ آرمی چیف نے جوانوں سے ملاقات بھی کی اور جوانوں کی اعلیٰ تربیت اور حوصلے کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا نیوکلیئر پروگرام ملکی دفاع میں اہم حیثیت رکھتا ہے اور پاکستان کم سے کم ڈیٹرنس کی پالیسی کو پرامن مقاصد کیلئے جاری رکھے گا