طالبان سے ان ہی کی زبان میں بات کریں گے ،امن اورمذاکرات پریقین رکھنے والوں کیلئے دروازے کھلے ہیں ، پرویز رشید ، پاک فوج حکومت کا ساتھ دے گی،طالبان کی کارروائیوں کا جواب بھرپور انداز میں دیا جائے گا، وفاقی وزیر اطلاعات

جمعہ 21 فروری 2014 07:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21فروری۔2014ء)وفاقی وزیراطلاعات ونشریات پرویزرشیدنے کہاہے کہ طالبان سے ان ہی کی زبان میں بات کریں گے ،امن اورمذاکرات پریقین رکھنے والوں کیلئے دروازے کھلے ہیں ۔نجی ٹی وی کے مطابق پرویزرشیدنے کہاکہ طالبان سے ان کی زبان میں بات کریں گے اورجوطرزعمل طالبان اختیارکریں گے اسی مناسبت سے حکومتی ردعمل ہوگا۔

طالبان اگرمذاکرات کاراستہ اپناتے ہیں تواولین ترجیح مذاکرات ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ امن اورمذاکرات پریقین رکھنے والوں کیلئے دروازے کھلے ہیں مذاکرات کاعمل اوردہشتگردی ایک ساتھ نہیں چل سکتے جوطالبان مذاکرات کرناچاہتے ہیں وہ دوسرے گروپوں سے علیحدگی اختیارکریں۔وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ طالبان سے بات چیت کی کوشش جاری ہے،آپریشن کیلئے حکومت تیار ہے،پاک فوج حکومت کے آئینی فیصلے پر عمل کرے گی۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت امن کے قیام کیلئے اپنی پالیسی پر کام کر رہی ہے،طالبان کے ساتھ حکومت مذاکراتی عمل جاری رکھے گی،لیکن بندوق کا جواب بندوق کے ذریعہ دیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں آپریشن پر حکمت عملی حکومت نے مکمل کرلی ہے اور پاک افواج بھی جمہوری حکومت کے فیصلے پر عمل کرے گی،حکومت جنوبی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں کیلئے بھی حکمت عملی طے کرلی ہے،انہوں نے کہا کہ طالبان مذاکرات کا عمل بھی جاری رہے گا اور دہشتگرد کارروائیوں کا جواب بھی بھرپور دیا جائے گا۔