صدرممنون حسین کا دورہِ دیوار چین ، فن تعمیرکے شاہکار کے مختلف حصے دیکھے ،عظیم دیوار چین انسانی عجوبہ ہے، اس تاریخی مقام کا دورہ کرکے بہت خوشی ہوئی ہے،ممنون حسین

جمعرات 20 فروری 2014 07:48

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20فروری۔2013ء)صدر مملکت ممنون حسین نے دنیا کے عجائبات میں شامل دیوار چین کا دورہ کیا۔بدھ کے روز اس دورے کے دوران صدر نے دیوار چین کے مختلف حصے دیکھے اور اس کے شاہکار فن تعمیر اور تاریخی اہمیت میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔اس موقع پر صدر مملکت کو دیوار چین کی تاریخی اہمیت اور فن تعمیر کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اب تک 491 سربراہان مملکت اس عظیم اور حیرت انگیز فن تعمیر کا دورہ کرچکے ہیں اور اسے 1987ء میں یونیسکو کی جانب سے عالمی ورثہ میں شامل کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

صدر ممنون حسین نے کہا کہ عظیم دیوار چین انسانی عجوبہ ہے اور انہیں اس تاریخی مقام کا دورہ کرکے بہت خوشی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک حیرت کدہ ہے اور چین کی عظیم ثقافت اور ورثے کی عکاس ہے۔انہوں نے کہا کہ دیوار چین کے دورہ کی خوشگوار یادیں ہمیشہ ان کے ساتھ رہیں گی۔صدر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کرتے ہوئے چینی میزبانوں کا اپنی اور وفد کے ارکان کی پرجوش مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد ‘ پاکستان میں چین کے سفیر سن وائی دونگ اور صدر کے وفد کے ارکان بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :