33 دن تک معطل رہنے کے بعد آر پار تجارت آج پھر شروع ہوگی‘ درجنوں ٹرک امن برج کراس کریں گے‘ تاجروں کی جانب سے فیصلے کا خیرمقدم‘ سمگلنگ کے الزام میں گرفتار ڈرائیور کی رہائی تاحال ممکن نہ ہوسکی‘ ریمانڈ میں 4 مارچ تک توسیع‘ اہل خانہ سے ٹیلیفونک رابطے کی اجازت

جمعرات 20 فروری 2014 07:47

چناری‘ سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20فروری۔2013ء) لائن آف کنٹرول پر ایک ماہ سے زائد عرصے تک معطل رہنے والی آرپار تجارت (آج) جمعرات کو بحال ہوگی‘ درجنوں تجارتی ٹرک امن برج کراس کریں گے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں گرفتار ٹرک ڈرائیور کے ریمانڈ میں 4 مارچ تک توسیع کردی گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق منگل کو آزاد و مقبوضہ کشمیر حکام کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد تجارت بحالی کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے تحت (آج) جمعرات کو آرپار تجارتی سرگرمیاں پھر شروع ہوجائیں گی۔

(جاری ہے)

لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف کے تاجروں نے تاجر بحالی کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ اسلام آباد اوڑی میں تعینات کسٹوڈین شوکت احمد نے بتایا ہے کہ کمان پوسٹ پر ہونے والے مذاکرات میں آزاد کشمیر کے گرفتار ٹرک ڈرائیور کی رہائی کے حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی تاہم میڈیا رپورٹ میں اعلی ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ مذاکرات میں آزاد کشمیر حکام کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد گرفتار ڈرائیور کو رہا کردیا جائے گا۔ دوسری جانب بارہمولہ کی ایک عدالت نے گرفتار ڈرائیور محمد شفیق کے ریمانڈ میں 4 مارچ تک توسیع کرتے ہوئے ریاستی انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ ڈرائیور کا اس کے اہل خانہ کیساتھ فون پر رابطہ کروایا جائے۔