سندھ ہائی کورٹ،پرویز مشرف پر غداری کا مقدمہ چلانے والی خصوصی عدالت کے خلاف دائر درخواست پر اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری

جمعرات 20 فروری 2014 07:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20فروری۔2013ء) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس غلام سرور کورائی اورجسٹس صلاح الدین پہنورپر مشتمل ڈویژن بینچ نے سابق صدر پرویز مشرف پر غداری کا مقدمہ چلانے والی خصوصی عدالت کے خلاف دائر درخواست پر اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا۔بدھ کو سندھ ہائی کورٹ میں سابق صدر پرویز مشرف پر غداری کا مقدمہ خصوصی عدالت میں چلانے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

ایڈووکیٹ سہیل حمید کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ محرم علی کیس اور شیخ لیاقت حسین کیس میں قرار دے چکی ہے کہ صرف وہ عدالتیں آئینی طاقت استعمال کر سکتی ہیں جن کا آئین میں ذکر ہے۔درخواست گزار کے مطابق آرٹیکل 6 میں کہا گیا ہے کہ غداری کی سزا پارلیمنٹ مقرر کرے گی لیکن آئین میں کسی خصوصی عدالت کی تشکیل کا ذکر موجود نہیں ہے۔درخواست میں مزیدکہا گیا کہ موجودہ خصوصی عدالت کریمنل ترمیمی ایکٹ کے مطابق تشکیل دی گئی ہے جو آئین کے آرٹیکل 175 سے متصادم ہے۔درخواست گزار کے موقف سننے بعد سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے خصوصی عدالت کے خلاف درخواست پر اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا ہے۔

متعلقہ عنوان :