ہائی ٹریژن کا جو بھی مطلب نکالیں کوئی فرق نہیں پڑتا،اسے آئین شکنی کہنا درست ہے،اکرم شیخ،غداری کی بجائے آرٹیکل6کے تحت مقدمہ کہہ لیں تو درست ہوگا،غداری کا لفظ مناسب نہیں،ایس ایم ظفر،نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال

بدھ 19 فروری 2014 03:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19فروری۔2014ء)مشرف غداری کیس میں حکومت کے وکیل اکرم شیخ نے کہا ہے کہ ہائی ٹریژن کا جو بھی مطلب نکالیں کوئی فرق نہیں پڑتا،اسے آئین شکنی کہنا درست ہے،تاہم جب تک یہ لفظ قانون میں ہے یہی استعمال ہوگا جبکہ ایس ایم ظفر نے کہا کہ میڈیا میں اس معاملے پر بحث عوامی تاثر پیدا کرکے عدالت پر دباؤ ڈالنے کے مترادف ہے،غداری کی بجائے آرٹیکل6کے تحت مقدمہ کہہ لیں تو درست ہوگا،غداری کا لفظ مناسب نہیں،ترمیم ہونی چاہئے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے اکرم شیخ نے کہا کہ مشرف کو عدالت میں پیشی پر تمام تر سہولیات ملی ہیں جو اس سے قبل کسی بھی ملزم کو نہیں دی گئیں،اس سے زیادہ فےئر ٹرائیل کی اور کیا مثال ہوسکتی ہے،انہوں نے کہا کہ ہائی ٹریژن کا قانون1973ء میں آیا جبکہ آرمی ایکٹ کے تحت کورٹ مارشل کی اجازت آرمی چیف دیتے ہیں،آرمی ایکٹ ان فوجیوں کے لئے ہے جو اپنے فرائض سے غفلت برتیں یا کوئی راز دشمن کے سامنے اگل دیں،آئین کو سبوتاژ کرنے کا کوئی جرم آرمی ایکٹ کے زمرے میں نہیں آتا آرمی ایکٹ1952ء میں بنا تھا2007ء میں مشرف نے اس میں ترامیم کیں لیکن اس میں ہائی ٹریژن کا لفظ شامل نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ اس وقت قانون میں ہائی ٹریژن کا لفظ ہے اور یہی استعمال ہوگا اس کا ترجمہ دستور شکنی کریں یا غداری کریں کوئی فرق نہیں پڑتا اور اس میں ترمیم ہو تو بھی کوئی فرق نہیں پڑتا،ماہر قانون ایس ایم ظفر نے کہا کہ آج کے دونوں فیصلے اچھے ہیں،پہلا مشرف نے پیش ہونے کا فیصلہ کیا اور دوسرا عدالت نے فرد جرم عائد نہیں کی کیونکہ عدالت پر اعتراض یہ ہے کہ اسے سماعت کا اختیار ہی نہیں ہے اور جب تک اس کا فیصلہ نہ ہو عدالت کو آگے نہیں چلنا چاہئے،انہوں نے کہا کہ ہائی ٹریژن کا لفظ آئین میں غلط طور پر درج ہوا ہے،آئین سے غداری کی بات درست ہے اگر اس میں ترمیم ہو تو کوئی مضائقہ نہیں اور نام تبدیل کرنے سے قانون پر کوئی فرق نہیں پڑے گا اور پھر یہ تاثر بھی نہیں ہوگا کہ کسی ملک کے یا فوج کے سربراہ نے غداری کی ہے،انہوں نے کہا کہ میڈیا میں آکر مقدمہ پر بحث کرنا عوامی تاثر کے ذریعے عدالت پر دباؤ ڈالنے کے مترادف ہے۔

متعلقہ عنوان :