روس نے پاکستانی رسیلے پھلوں کی درآمد پر عائد پابندی ختم کردی،آلووٴں کے سوا تمام پاکستانی زرعی اجناس پر 24 فروری سے عارضی پابندی اٹھالی جائے گی، سربراہ روسی ادارہ سینیٹر سروس

بدھ 19 فروری 2014 03:41

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19فروری۔2014ء) روس نے پاکستانی رسیلے پھلوں کی درآمد پر عائد پابندی ختم کردی ہے جس سے پاکستانی برآمد کنندگان کو سالانہ 2 کروڑ ڈالر کا فائدہ ہوگا۔ میڈیارپورٹ کے مطابق روس کے دارالحکومت ماسکو سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ روس میں پاکستانی سفارتخانے نے تمام پاکستانی مصنوعات پر پابندی کے خاتمے کے لئے مسلسل کوششیں کیں اور اس سلسلے میں روسی ادارہ سینیٹر سروس کے سربراہ ڈینک ورٹ سرجی الیکسی وچ اور فیڈرل سروس روزلیخوز نادزور کے ساتھ کئی ملاقاتیں کیں جس کے نتیجے میں ابتدائی اقدام کے طور پر جزوی پابندی اٹھانے پر اتفاق ہوا اور پہلے مرحلے میں روس نے پاکستان سے رسیلے پھلوں کی درآمد پر عائد پابندی اٹھالی۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سے پھلوں کی درآمد کے لئے روس کے فائٹو سینیٹری حکام کے وفد نے جنوری 2014 میں پاکستان کے دورے کے دوران پاکستانی زرعی مصنوعات کی درآمد اور دونوں ممالک کے درمیان اس شعبے میں تعاون میں اضافے کا جائزہ لیا اور ماسکو میں پاکستانی سفارتخانے کو آلووٴں کے سوا تمام زرعی اجناس پر 24 فروری 2014 سے عارضی پابندی اٹھانے سے متعلق اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ روسی فیڈرل سروس روزلیخوز نادزور نے سینیٹری رولز کی پابندی نہ کرنے پر 30 ستمبر 2013 کو پاکستانی برآمد کنندگان کی زرعی اجناس کی درآمد پر پابندی عائد کردی تھی۔

متعلقہ عنوان :