طالبان سے مذاکرات کی افادیت ختم ہوچکی ،طالبان مذاکرات نہیں چاہتے ،سیدخورشیدشاہ،وزیراعظم نوازشریف جلدہی آل پارٹیزکانفرنس بلائیں ،دہشتگردی کیخلاف پالیسی واضح ہونی چاہئے،نجی ٹی وی سے گفتگو

بدھ 19 فروری 2014 03:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19فروری۔2014ء)اپوزیشن لیڈرسیدخورشیدشاہ نے کہاہے کہ طالبان سے مذاکرات کی افادیت ختم ہوچکی ہے ،طالبان مذاکرات نہیں چاہتے ،وزیراعظم نوازشریف جلدہی آل پارٹیزکانفرنس بلائیں ،دہشتگردی کیخلاف پالیسی واضح ہونی چاہئے ۔نجی ٹی وی پروگرام میں اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان کے بیان نے طالبان کومضبوط کردیااورآگے سے پہلے سے بڑھ کرکارروائیاں کررہے ہیں ،طالبان نے 23ایف سی اہلکاروں کوشہیدکرکے ذمہ داری بھی قبول کرلی۔

انہوں نے کہاکہ طالبان امن چاہتے ہیں توانہیں سول اورفوجی قیدیوں کورہاکرناچاہئے اوراعتمادسازی کے لئے اقدامات کرنے چاہئیں ،لیکن طالبان خودہی مذاکرات نہیں چاہتے ۔انہوں نے کہاکہ میاں نوازشریف کولیڈربن کرفیصلے کرناہونگے ان کوفیصلے کرنے میں کوئی رکاوٹ بھی نہیں ہے ،ان کے پاس پارلیمنٹ میں واضح اکثریت ہے ،ہمارے پاس تواکثریت نہیں تھی ،125ارکان سے حکومت چلارہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میاں نوازشریف کواپنے اداروں کااحترام کرناچاہئے ،انہیں پارلیمنٹ میں آناچاہئے ہمارے وزیراعظم تواترکے ساتھ پارلیمنٹ نہیں آتے ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں مہنگائی ،بے روزگاری اوردیگرمسائل ہیں لیکن دہشتگردی کامسئلہ سب پرحاوی ہے ،اس سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم کوایک بارپھرآل پارٹیزکانفرنس بلانی چاہئے۔