چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے‘ سرتاج عزیز،پاکستان اور چین کے مابین بہترین تعلقات موجودہ دور میں بین الریاستی تعلقات کی شاندار مثال ہے‘ وزیراعظم کے مشیر کی چینی نائب وزیر ای پنگ سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 19 فروری 2014 03:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19فروری۔2014ء) وزیراعظم کے مشیر قومی سلامتی اور امور خارجہ کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔ پاکستان اور چین کے مابین بہترین تعلقات ہیں جو کہ موجودہ دور میں بین الریاستی تعلقات کی شاندار مثال ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے نائب وزیر ای پنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم کے مشیر نے چین کے نائب وزیرکا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ معاشی تعلقات کی مزید مضبوطی دونوں ممالک کی قیادت کی اولین ترجیح ہے چین کے نائب وزیر ای پنگ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین ہر آزمائش میں پوری اترنے والی دوستی کی معاشی تعلقات پر توجہ صحیح راستے پر گامزن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی پارٹیوں اور چین کی کمیونسٹ پارٹی کے مابین تعلقات عوام سے عوام کے رابطے کو مزید مضبوط کریں گے اور اس سے دونوں ملکوں کے مابین قریبی تعلقات مزید گہرے ہوں گے وزیراعظم کے مشیر نے کہاکہ حال ہی میں پاکستانی صدر نے چین کا دورہ کیا ہے جس میں جائنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کی دوسری میٹنگ ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان انفراسٹرکچر ‘ توانائی اور چین اور پاکستان کے مغربی علاقوں کو جوڑنے سے ان علاقوں کی معاسی صورتحال یکسر تبدیل ہوجائے گی۔