پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس، ایف سے اہلکاروں کے قتل کی شدید مذمت،طالبان سے فوری طور پر غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ ،فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی لازوال قربانیوں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے شاندار خدمات کا اعتراف، شہدا کیلئے خراج عقیدت کا اظہار

بدھ 19 فروری 2014 03:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19فروری۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس، ایف سے اہلکاروں کے قتل کی شدید مذمت، طالبان سے فوری طور پر غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ ، فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی لازوال قربانیوں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے شاندار خدمات کا اعتراف، شہدا کیلئے خراج عقیدت کا اظہار ۔ منگل کو یہاں تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم ترین اجلاس ہوا جس 23مغوی ایف سی اہلکاروں کے المناک قتل کی شدید مذمت کی گئی اور تحریک طالبان پاکستان سے فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا کور کمیٹی کی صدارت چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کی جبکہ وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، صدر جاوید ہاشمی، سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین سمیت کور کمیٹی کے اراکین اس میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

کمیٹی اجلاس کے اختتام پر اعلامیہ جاری کیا گیا اور ایف سی کے 23مغوی اہلکاروں کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیاہے کہ واضح طور پر شدت پسندوں میں سے چند گروہ امن عمل کو تباہ کرنے پر آمادہ ہیں۔ چنانچہ کور کمیٹی تحریک طالبان سے فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کرتی ہے۔ کمیٹی میں اتفاق رائے پایا گیا کہ جنگ بندی جو کہ مذاکرات کے کامیاب انعقاد کی جانب لازمی اور بنیادی قدم ہے کی عدم موجودگی میں بات چیت کا پورا عمل شدید صدمے سے دو چار ہے جبکہ معصوم شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے بلا روک ٹوک قتل عام نے ملک میں قیام امن کی راہ میں بھاری رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں۔

اس کے ساتھ یہ بھی کہا گیا کہ تحریک انصاف کی کی قیادت کا یہ ماننا ہے کہ بات چیت کا سلسلہ اسی صورت آگے بڑھایا جا سکتا ہے جب تشدد ترک کیا جائے اور قتل عام روک کر فتنہ فساد برپا کرنے والوں اور ان کی کارروائیوں کی مذمت کی جائے۔ خیبر پختونخواہ اور کراچی میں سات سو کے قریب جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی لازوال قربانیوں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے شاندار خدمات کا بھی اعتراف کیا اور آئین کے دائرہ کار کے اندر بات چیت کا عمل آگے بڑھانے کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے واضح موقف کی عوامی تائید پر اطمینان کا اظہار کیا۔