اوگرا تقرری کیس ، راجہ پرویز اشرف، یوسف رضا گیلانی احتساب عدالت میں پیش، امجد قریشی ایڈووکیٹ کی استدعاء منظور ، یوسف گیلانی کوعدالت حاضری سے استثنیٰ مل گیا ،سماعت 5 مارچ تک ملتوی ، پیپلزپارٹی کے تمام راہنماؤں نے ہر دور میں عدالتوں کا احترام کیا ، سابق وزرائے اعظم کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو

بدھ 19 فروری 2014 03:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19فروری۔2014ء) اوگرا تقرری کیس میں سابق وزرائے اعظم راجہ پرویز اشرف اور یوسف رضا گیلانی احتساب عدالت میں پیش‘ احتساب عدالت نے یوسف رضا گیلانی کو سکیورٹی رسک کی بنیاد پر عدالت میں حاضری سے استثنیٰ دے دیا اور کیس کی سماعت 5 مارچ تک ملتوی کردی۔ منگل کو اوگرا کرپشن کیس میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

اس موقع پر یوسف رضا گیلانی کے وکیل امجد قریشی نے عدالت سے استدعاء کی کہ ان کے موکل کا عدالت میں پیش ہونا خطرے سے خالی نہیں ہے جبکہ یوسف رضا گیلانی کا بیٹا پہلے ہی بازیاب نہیں ہوسکا ہے لہٰذا انہیں حاضری سے مستقل استثنیٰ دیا جائے جس پر عدالت نے یوسف رضا گیلانی کے وکیل امجد قریشی کی استدعاء منظور کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کو حاضری سے استثنیٰ دے دیا اور کیس کی سماعت 5 مارچ تک ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

عدالت کے باہر یوسف رضا گیلانی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے راہنماؤں کیلئے یہ پہلا موقع نہیں ہے بلکہ پیپلزپارٹی کے تمام راہنماؤں نے ہر دور میں عدالتوں کا احترام کرتے ہوئے ان کا سامنا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی لیڈر محترمہ بے نظیر بھٹو‘ ذوالفقار علی بھٹو اور آصف علی زرداری سمیت دیگر نے بھی عدالتوں کا سامنا کیا تھا۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ملک کو آئین دیا۔ اس کی حفاظت کرنا بھی ان کی ذمہ داری ہے۔