جنگ بندی کے معاملے پر تمام حلقوں سے رابطہ ہو چکا ،جلد کسی بہتر نتیجہ تک پہنچ جائیں گے،شاہد اللہ شاہد ،تحریک طالبان مذاکراتی عمل کے لئے سنجیدہ ہے،مذاکرات پر تمام تنظیمی حلقے متفق ہیں، کسی بھی فیصلے پر عمل درآمد میں مشکل کا سامنا نہیں ہوگا،تحریک طالبان کے ترجمان کا بیان

بدھ 19 فروری 2014 03:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19فروری۔2014ء)تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے کہا ہے کہ جنگ بندی کے معاملے پر تمام حلقوں سے رابطہ ہو چکا ہے اور بہت جلد کسی بہتر نتیجہ تک پہنچ جائیں گے ، تحریک طالبان مذاکراتی عمل کے لئے سنجیدہ ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق منگل کے روز کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے جنگ بندی کے حوالے سے تمام گروپوں سے رابطہ کیا ہے اور بہت جلد کسی بہتر نتیجہ تک پہنچ جائیں گے۔

ترجمان کالعدم تحریک طالبان نے مزید کہا کہ اس وقت مذاکرات پر تمام تنظیمی حلقے متفق ہیں اور کسی بھی فیصلے پر عمل درآمد میں مشکل کا سامنا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک کے امیر جو فیصلہ کریں گے تو اس کا عمل سب پر لازمی ہوگا۔

(جاری ہے)

کیونکہ ہمارا نظام شرعی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہمند ایجنسی کا واقعہ انتہائی اہم ہے اور اس پر ساتھیوں سے رابطہ کیا جارہا ہے اور شوری کے اجلاس میں بھی اس واقعہ کا جائزہ لیا جائیگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ زیر حراست ساتھیوں کی لاشیں پھینکے جانے واقعات میں ایکدم اضافہ ہورہا ہے جو کہ اضطراب اور اشتعال کا باعث بن رہا ہے اور ایسے عمل کی فوری روک تھام مذاکراتی عمل کی کامیابی کے لئے ضروری ہے ۔شاہد اللہ شاہد نے اسلام اور ملک سے محبت کرنے والے تمام محب وطنوں سے بھی گزارش کی ہے کہ وہ اس مسئلے کو سنجیدہ بنیادوں پر حل کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔