حکومت نے طالبان اتھارٹی کو تسلیم کرلیا ہے ، اعتزاز احسن ، حکومت نے طالبان کو مذاکرات کی دعوت دی ، جواب میں 23ایف سی اہلکار قتل ہوئے ، عمران خان اور حکومت کو اپنے موقف پر غور کرنا ہوگا ، عمران حکومت سے زیادہ طالبان کو اسٹیٹس دینا چاہیے تھے ، میڈیا سے گفتگو

منگل 18 فروری 2014 07:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18فروری۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ حکومت نے طالبان کی اتھارٹی کو تسلیم کرلیا ہے ، پیپلز پارٹی پہلے روز سے ہی مذاکرات کو نہیں مانتی تھی ۔

(جاری ہے)

لاہور میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے طالبان کو مذاکرات کی دعوت دی لیکن انہوں نے جو مذاکرات کا جواب دیا ہے وہ سب کو معلوم ہے ہمارے 23 ایف سی اہلکاروں کو قتل کردیا ہے پیپلز پارٹی روز اول سے ہی مذاکرات کو نہیں مانتی تھی اور ہمارا واضح موقف تھا ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور عمران خان کو اپنے موقف پر غور کرنا ہوگا حکومت تو طالبان کی اتھارٹی کو تسلیم کرچکی ہے عمران خان حکومت سے زیادہ طالبان کو اسٹیٹس دینا چاہیے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ہمارے فوجی جوانوں کی شہادت کو تسلیم نہیں کرتے ان سے مذاکرات شہداء کے خون سے زیادتی ہے بہت ہوچکا قتل و غارت کا سلسلہ بند ہونا چاہیے ۔