طالبان نے مذاکرا ت کو مذاق بنا لیا، اب فیصلے کا وقت ہے، الطاف حسین ،حکومت اور فوج 48 گھنٹوں میں حتمی فیصلہ کر کے قوم کو آگاہ کریں،بیان

منگل 18 فروری 2014 07:24

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18فروری۔2014ء ) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایف سی اہلکاروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان نے مذاکرا ت کو” مذاق “ بنا لیا ہے، حکومت اور فوج 48 گھنٹوں میں حتمی فیصلہ کر کے قوم کو آگاہ کریں۔ لندن سے جاری بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ ایک ماہ سے زائد کا عرصہ گزرجانے کے باوجود ”مذاکرات “ کے کھیل میں طالبان ، درجنوں حملوں میں سیکڑوں شہریوں کوموت کی نیند سلاچکے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ یہ کیساسنگین مذاق ہے کہ طالبان اپنے قیدیوں کی رہائی کاتومطالبہ کررہے ہیں لیکن دوسری جانب اپنی قیدمیں موجود فوجی جوانوں کو قتل کررہے ہیں۔ الطاف حسین نے وزیراعظم نوازشریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، سیاسی اور دفاعی مبصرین سے اپیل کی کہ وہ اس پر خاموش نہ رہیں اور حکومت اورمسلح افواج متفقہ طورپر آئندہ 24 سے 48گھنٹوں میں کوئی حتمی فیصلہ کریں، عوام اس فیصلہ پر حکومت اور فوج کا بھرپور ساتھ دیں گے ۔