پاکستان اور سعودی عرب کا دہشت گردی کیخلاف مشترکہ حکمت عملی، توانائی، تجارت، دفاع، سرمایہ کاری اورزراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ، سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری ،شہزادہ سلمان بن عبدالعز یز وطن واپس روانہ ہو گئے ،پاکستان اورسعودی عرب علاقائی اوربین الاقوامی معاملات پرایک جیسے خیالات رکھتے ہیں ،وزیراعظم ،پاکستان اسلامی ممالک کے درمیان اتحادکومضبوط بنانے کیلئے سعودی عرب کی کوششوں کی حمایت کرتاہے،سعودی ولی عہد سے ملاقات،وزیر اعظم نے عشائیہ بھی دیا

منگل 18 فروری 2014 07:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18فروری۔2014ء)پاکستان اور سعودی عرب نے ا دہشت گردی کیخلاف مشترکہ حکمت عملی، توانائی، تجارت، دفاع، سرمایہ کاری اورزراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے ۔یہ بات سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعز یز کے دورہ پاکستان کے اختتام پر وزیراعظم ہاوٴس سے جاری اعلامیہ میں کہی گئی ہے ۔

دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف کی دعوت پر سعودی ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ سلمان بن عبد العزیز کی آمد اور پاکستان پہنچنے پر ان کا نواز شریف کی جانب سے پرتپاک استقبال دونوں ممالک کے درمیان گہری دوستی کا مظہر ہے، اپنے دورے کے دوران سعودی ولی عہد نے صدر پاکستان، وزیر اعظم اور دیگر اعلیٰ حکام سے دوستانہ ماحول میں الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں مسلم ممالک اور بین الاقوامی امن کے لیے مختلف شعبوں میں تعاون وسیع پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شہزادہ سلمان بن عبد العزیز کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے توانائی، تجارت، دفاع، سرمایہ کاری اور زراعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعلقات مزید مستحکم بنائے جائیں گے، دونوں ممالک نے دہشت گردی کے خلاف متحد ہوکر لڑنے، منی لانڈرنگ، اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

سیاسی تعلقات کو بھی مزید مستحکم بنایا جائے گا، اس سلسلے میں دونوں ممالک کی وزارت خارجہ باہمی مشاورت کیلئے تسلسل کے ساتھ اجلاس منعقد کیا کریں گی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کو بھی مزید فروغ دیا جائے گا، مسلم امہ اور عالمی امن اور سلامتی کیلئے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو معاہدوں پر دستخط کئے گئے، پہلے معاہدے کے مطابق سعودی عرب چترال میں گولان گول ہائیڈل پراجیکٹ کیلئے 5 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی گرانٹ دے گا، دوسرے معاہدے کے تحت سعودی عرب یوریا کھاد کی خریداری کیلئے 12 کروڑ 50 لاکھ ڈالر دے گا جبکہ کھیل، محنت، افرادی قوت سمیت د یگر یادداشتوں پر بھی دستخط کئے گئے۔

اعلامیہ میں دونوں ممالک نے اس بات پر زور د یا کہ شام میں شہر یوں پر بمباری روکی جائے، شام سے غیر ملکی افواج کا فوری انخلاٰء ضروری ہے، مسئلہ فلسطین اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل ک یا جائے۔ اعلامیے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کے فروغ کو خوش آئیند قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات خطے کی سلامتی اور ترقی کے لئے انتہائی ضروری ہے جبکہ افغانستان میں امن کے قیام کے لئے دونوں ممالک کی جانب سے تعاون جاری رکھا جائے گا۔

قبل ازیں سعودی ولی عہد نے دورے کے آخری روز وزیراعظم محمد نواز شریف سے ون آن ون ملاقات کی، دونوں ممالک نے دہشتگردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے کا فیصلہ لیا، باہمی تعاون کے 2 معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے ۔سعودی ولی عہد وزیراعظم ہاوٴس پہنچے تو وزیراعظم محمد نواز شریف نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم سے سعودی ولی عہد کی ون آن ون ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی اور علاقائی امور پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ایک دوسرے سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔بعدازاں سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعز یز دورہ مکمل کرکے وطن واپس چلے گئے۔وزیراعظم محمدنوازشریف نے کہاہے کہ پاکستان اورسعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات ہیں جوعلاقائی اوربین الاقوامی معاملات پرایک جیسے خیالات رکھتے ہیں ،پاکستان اسلامی ممالک کے درمیان اتحادکومضبوط بنانے کیلئے سعودی عرب کی کوششوں کی حمایت کرتاہے ۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے پیرکے روزسعودی ولی عہدشہزادہ سلمان بن عبدالعزیزسے ملاقات کے دوران کیا،جس میں دوطرفہ تعلقات اورباہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیاگیا۔ دونوں رہنماوٴں نے عالمی امن واستحکام اورعالم اسلام کی بھلائی کیلئے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کومزیدمضبوط کرنے کی خواہش کابھی اظہارکیا۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اورسعودی عرب کے گہرے دوستانہ تعلقات ہیں ،سعودی عرب میں پاکستانیوں کی بڑی تعدادان تعلقات میں ایک پل کاکرداراداکررہی ہے ،جوسعودی عرب کی ترقی کے ساتھ ساتھ پاکستان کی معیشت میں بھی مثبت کرداراداکررہی ہے ۔

دریں اثناء وزیراعظم میاں نوازشریف نے سعودی ولی عہدسلمان بن عبدالعزیزکے اعزازمیں عشائیہ بھی دیا۔عشایئے میں وفاقی کابینہ کے ارکان ،عسکری قیادت،ارکان پارلیمنٹ نے بھی شرکت کی ۔سعودی ولی عہد شہزادہ سلطان بن عبدالعزیزنے پاکستان میں اپنے اوراپنے وفدکی بھرپورمہمان نوازی پروزیراعظم میاں نوازشریف کاشکریہ اداکیا۔اس سے قبل جب سعودی ولی عہدوزیراعظم ہاوٴس پہنچے تووزیراعظم نے مرکزی دروازے پران کااستقبال کیا۔اس موقع پروزیرخزانہ اسحاق ڈار،وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف بھی موجودتھے۔