مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے عالمی سطح پر سرگرمیاں تیز،یورپی یونین کا اقوام متحدہ کی جانب سے ثالثی کی تجویز کا جائزہ لینے کے لئے اہم مشن مقبوضہ کشمیر بھیجنے کا فیصلہ ،پاکستان بھارت کے درمیان خوشگوار تعلقات کا قیام مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ،دیرینہ مسئلہ بات چیت سے ہی حل ہو سکتا ہے،امریکی محکمہ خارجہ

پیر 17 فروری 2014 08:17

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17فروری۔2014ء)مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے عالمی سطح پر سرگرمیاں تیز ۔اقوام متحدہ کی جانب سے ثالثی کی تجویز کا جائزہ لینے کے لئے یورپی یونینن نے اعلی سطحی وفد مقبوضہ کشمیر بھیجنے کا فیصلہ کر لیا۔ امریکہ نے بھی پاک بھارت مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے بھر پور مدد کرنے کی یقین دہانی کرا دی ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کا ایک اہم مشن رواں سال مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

مشن کے اس دورے کا مقصد اقوام متحدہ کی جانب سے پیش کردہ اس تجویز کا جائزہ لینا ہے جس میں کہاگیا تھا کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر پر ثالثی کے لئے تیارہے۔ دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے بھی سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ بان کی مون کی تجویز کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ امریکہ اس تجویز کی روشنی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے اور دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان دوریاں ختم کر کے انہیں قریب لانے کے لئے ہر ممکن مدد کرنے کو تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک بھارت خوشگوار تعلقات کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے جبکہ مسئلہ کا پائیدار حل مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔