یورپی انوسٹمنٹ بینک کے وفد کا کیال خواڑ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ، حکومت نے کم لاگت بجلی پید ا کرنے کا جامع منصوبہ بنایا ہے جس کا مقصد دستیاب بجلی وسائل خصوصاً پن بجلی کے ذرائع سے بھرپور استفادہ کرنا ہے، عابد شیر علی

پیر 17 فروری 2014 08:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17فروری۔2014ء)وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے کم لاگت بجلی پید ا کرنے کا ایک جامع منصوبہ بنایا ہے جس کا مقصد پاکستان میں دستیاب بجلی وسائل خصوصاً پن بجلی کے ذرائع سے بھرپور استفادہ کرنا ہے،پاکستان میں انرجی سیکٹر سرمایہ کاری کیلئے پر کشش مواقع کا حامل ہے،حکومت اس سلسلے میں سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات بہم پہنچا رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہا رانہوں نے یورپی انوسٹمنٹ بینک کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔یورپی انوسٹمنٹ بینک کے وفد کی نائب صدر میگدا لینا الویز ارزا کی سربراہی میں اتوار کو کیال خواڑ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا ۔ وزیر مملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیر علی اور چیئرمین واپڈا سید راغب عباس شاہ بھی وفد کے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

واپڈا 128میگا واٹ پید ا واری صلاحیت کا حامل کیال خواڑ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ دریائے سندھ کے معاون دریا کیالی خواڑ پر صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان میں تعمیر کررہا ہے ۔

منصوبے کی مجموعی لاگت تقریباً 240ملین یورو ہے ۔ یورپی انوسٹمنٹ بینک جرمن ترقیاتی بینک ( کے ایف ڈبلیو ) اور حکومت پاکستان مشترکہ طورپر اس منصوبے کے لئے فنڈز مہیا کئے ہیں۔ یورپی انوسٹمنٹ بینک کیال خواڑ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے 100ملین یورو جبکہ کے ایف ڈبلیو 97ملین یورو فراہم کررہے ہیں ۔پراجیکٹ سائٹ پر وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پانی وبجلی نے کہاکہ وفد کا کیال خواڑ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا یہ دورہ یورپی یونین ، جرمنی اور پاکستان کے مابین گہرے تعلقات کا مظہر ہے ۔

ا نہوں نے کہاکہ کیال خواڑ کیلئے یورپی انوسٹمنٹ بینک اور کے ایف ڈبلیو کی جانب سے مالی معاونت کو پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ مستقبل میں بجلی کے دیگر منصوبوں کے لئے بھی اس باہمی اشتراک میں اضافہ ہوگا ۔وزیر مملکت نے وفد کو بتایا کہ وزیراعظم نوا زشریف کی قیادت میں موجودہ حکومت نے کم لاگت بجلی پید ا کرنے کا ایک جامع منصوبہ بنایا ہے جس کا مقصد پاکستان میں دستیاب بجلی وسائل خصوصاً پن بجلی کے ذرائع سے بھرپور استفادہ کرنا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ وزارت پانی و بجلی واپڈا کے ذریعے کم لاگت بجلی پیدا کرنے کی وسط اور طویل مدتی حکمت عملی کے تحت پن بجلی کے مختلف منصوبوں پر کام کررہی ہے تاکہ قومی نظام میں پن بجلی کے تناسب کو بہتر بنایا جائے اور بجلی کی قیمتوں میں کمی لاکر صارفین کو ریلیف پہنچایا جائے ۔ا نہوں نے مزید کہاکہ حکومت ان منصوبوں کی تعمیر کیلئے نہ صرف اپنے وسائل سے فنڈز مختص کررہی ہے بلکہ دوست ممالک اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے بھی مسلسل رابطہ میں ہے ۔

ا نہوں نے کہاکہ پاکستان میں انرجی سیکٹر سرمایہ کاری کیلئے پر کشش مواقع کا حامل ہے اور حکومت اس سلسلے میں سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات بہم پہنچا رہی ہے وفد کو بریفنگ کے دوران چیئرمین واپڈا نے بتایا کہ کیال خواڑ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لئے دفاتر ، کالونی اور سڑکوں کی تعمیر کا کام جاری ہے جبکہ پراجیکٹ کے مین ورکس کیلئے کنٹریکٹرز بہت جلد سائٹ پر پہنچ کر کام کا باقاعدہ آغاز کردے گا ۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبہ چار سال کی مدت میں مکمل ہوگا اور ہر سال 426ملین یونٹ سستی پن بجلی مہیا کرے گا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے یورپی انوسٹمنٹ بینک کی نائب صدر نے کہاکہ پاکستان کے انرجی سیکٹر میں کیال خواڑ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پانچواں منصوبہ ہے ، جس کیلئے یورپی انوسٹمنٹ بینک سرمایہ فراہم کررہا ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ یورپی انوسٹمنٹ بینک پاکستان میں قابل تجدید توانائی کے منصوبوں میں مزید سرمایہ کاری کیلئے امکانات کا جائزہ بھی لے رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :