حکومت کے مؤثر اقدامات کی وجہ سے شرح نمو میں اضافہ اور افراط زر میں کمی ہو رہی ہے،اسحاق ڈار،رواں ماہ کے دوران ترسیلات زر میں10 فیصد اضافہ ہوا ہے،وزارت خزانہ مجموعی حکمت سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے،اگر ہم سب ملکر کام کریں تو پاکستانی معیشت کو بدل سکتے ہیں،اقتصادی مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب

پیر 17 فروری 2014 08:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17فروری۔2014ء)وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت کے مؤثر اقدامات کی وجہ سے شرح نمو میں اضافہ اور افراط زر میں کمی ہو رہی ہے،رواں ماہ کے دوران ترسیلات زر میں10 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقتصادی مشاورتی کونسل کے دوسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،وزیر خزانہ نے اقتصادی مشاورتی کونسل کے اراکین کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ دوسرے اجلاس میں پاکستان کی اقتصادی ترقی کے مسائل کے ساتھ منسلک اہم پیشہ ور افراد کے ساتھ بات چیت کرنے اور تبادلہ خیال کا موقع ملے گا،انہوں نے کہا کہ وزارت خزانہ مجموعی حکمت سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے،اگر ہم سب ملکر کام کریں تو پاکستانی معیشت کو بدل سکتے ہیں،وزیرخزانہ نے کہا کہ حکومت کے مؤثر اقدامات کی وجہ سے شرح نمو میں اضافہ اور افراط زر میں کمی ہو رہی ہے،انہوں نے کہا کہ جی ڈی پی کی شرح اب بڑھ رہی ہے جبکہ افراط زر میں کمی رونما ہورہی ہے اور یہ صرف موجودہ حکومت کی جانب سے گزشتہ6ماہ کے دوران مثبت اقدامات اٹھانے کی وجہ سے ہوا ہے،انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کرنسی مارکیٹ میں استحکام بھی ایک اور اہم عنصر ہے اور بین الاقوامی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی استحکام دیکھنے میں آیا ہے،انہوں نے کہا کہ رواں ماہ کے دوران ترسیلات زر میں دس فیصد اضافہ ہوا اور 7ماہ کے دوران ریونیو اکٹھا کرنے کے ہدف میں17.5فیصد اضافہ ہوا ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو موجودہ سال کے آخر تک16ارب ڈالر تک لے جانا چاہتی ہے،اس موقع پر اجلاس کے شرکاء نے وزیرخزانہ کی جانب سے بتائی گئی پالیسی پر اطمینان کا اظہار کیا۔