کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں دو خواتین سمیت9افراد ہلاک،مبینہ پولیس مقابلے میں 2ڈاکو مارے گئے

اتوار 16 فروری 2014 08:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16فروری۔2014ء) کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں دو خواتین سمیت9افراد ہلاک ہو گئے ۔جبکہ مبینہ پولیس مقابلے میں 2ڈاکو ہلاک ہوگئے ۔ واقعات کے مطابق منگھوپیر تھانے کی حدود مائی گاڑی ناردرن بائی پاس ساکران روڈ پر 30سالہ محمد عارف ولد محمد حنیف کی گولیاں لگی تشدد زدہ لاش ملی ۔پولیس کے مطابق مقتول ایم کیو ایم یونٹ 131قصبہ علی گڑھ سیکٹر کا کارکن اور جمعرات13فروری سے لاپتہ تھا ۔

مقتول چار بھائیوں میں سب سے بڑا اور تین بچیوں کا باپ تھا اور سائٹ میں پرنٹنگ کا کام کرتا تھا ۔مقتول اورنگی ٹاو?ن ایک نمبر کا رہائشی بتایا جاتا ہے ۔میمن گوٹھ تھانے کی حدود سپرہائی وے ناگوری اسٹاپ کے قریب سے 2افراد کی تشدد زدہ سر پر گولیاں لگی لاشیں ملی ہیں ۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق مقتولین کو اغواء کے بعد گولیاں مارکر قتل کیا گیا ۔مقتولین حلیے سے پٹھان معلوم ہوتے ہیں ۔

لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد سردخانے منتقل کردیا گیا ۔پاکستان بازار تھانے کی حدود اورنگی ٹاو?ن نمبر 13غازی گوٹھ گھر کے باہر بیٹھے 35سالہ محمد امین خان ولد خان محمد کو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے گولیاں مارکر قتل کردیا ۔مقتول شٹرنگ کا کام کرتا تھا اور غازی گوٹھ کا رہائشی اور اس کا آبائی تعلق اندرون سندھ سے بتایا جاتا ہے ۔سر سید کے علاقے انڈا مور کے قریب واقع ایک مکان سے خاتون کی لاش ملی جسے 30سالہ عائشہ زوجہ عمیر کے نام سے شناخت کیا گیا ۔

مقتولہ کے سر پر بھاری چیز کا وار کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق نا معلوم افراد نے گھر میں گھس کر اسے قتل کیا ہے تاہم شبہ ہے کہ واقعہ میں کوئی قریبی شخص ملوث ہے۔ مقتولہ 4بچوں کی ماں تھی ۔نبی بخش کے علاقے میں مسلح ملزمان نے رنچھوڑ لائن میں فائرنگ کر کے تنویر نامی شخص کو ہلاک کر دیا ۔ مقتول مارکیٹ کا چوکیدار تھا،پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر یہ کہا جا سکتا ہے کہ ملزمان مارکیٹ میں لوٹ مار کیلئے آئے ہوں گے اور مزاحمت پر چوکیدار کو قتل کر دیا ہوگا لیکن ذاتی دشمنی کے حوالے سے بھی چھان بین جاری ہے ۔

علاوہ ازیں سہراب گوٹھ پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے رینجرز کے ڈی ایس آر38سالہ صغیر کو زخمی کر دیا ۔ذرائع کے مطابق ڈی ایس آر کی پوسٹنگ سکھر میں تھی اور ہفتہ وار چھٹی پر آیا تھا۔ اسے ڈکیتی مز احمت پر زخمی کیا گیا ہے۔ منگھو پیر کے علاقے سے ایک خاتون کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی جسے فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا ۔ مقتولہ کی لاش کو بغیر قانونی کار روائی کے ورثاء اپنے ساتھ لے گئے ۔

مقتولہ کے ساتھ آنے والے بغیر انٹری کرائے ہی اسے اپنے ساتھ لے گئے ۔ادھر کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود ٹی اینڈ ٹی کالونی میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد ہائی روف میں موجود شہریوں سے لوٹ مارکررہے تھے کہ گشت پر مامور پولیس موبائل نے شور شرابے کے بعد ڈاکوو?ں کو پکڑنے کی کوشش کی تو ڈاکوو?ں نے پولیس پر فائرنگ کردی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دونوں ڈاکو موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ ان ایک ساتھی فرار ہوگیا ۔

ڈاکوو?ں کے قبضے سے 2پستول اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا ۔تاحال دونوں کی شناخت نہ ہوسکی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ۔دوسری جانب شرافی گوٹھ تھانے کی حدود مانسہرہ کالونی امام بارگاہ کے عقب میں گھر سے 40سالہ عرفان علی ولد منگن علی کی پھندا لگی لاش ملی ۔تاہم موت کی وجہ سے معلوم نہیں ہوسکی ۔متوفی چار بچوں کا باپ اور آج کل بیروزگار تھا ۔ابراہیم حیدری تھانے کی حدودمیں ساحل سمندر میں 2افراد ڈوب گئے ۔جن میں سے ایک شخص کی لاش نکال لی گئی ہے ۔دوسرے کی تلاش جاری ہے ۔جاں بحق ہونے والے شخص کا نام 28سالہ فیاض جبکہ لاپتہ شخص کا نام شاہد عالم معلوم ہوا ہے ۔

متعلقہ عنوان :