طالبان، حکومتی کمیٹیوں کے ارکان طالبان شوریٰ سے براہ راست ملاقات کریں گے، حکومتی کمیٹی کے میجر عامر، رحیم اللہ یوسفزئی جبکہ طالبان کمیٹی کے پروفیسر ابراہیم ، یوسف شاہ آئندہ2روز میں وزیرستان کا دورہ کریں گے

اتوار 16 فروری 2014 07:58

پشاور(رحمت اللہ شباب۔اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16فروری۔2014ء)طالبان اور حکومتی کمیٹیوں کے ممبران اگلے دو روز میں میران شاہ جا کر طالبان شوری سے براہ راست ملاقات کریں گے ،حکو متی کمیٹی کے میجر عامر خان اور رحیم اللہ یوسف زئی اور طالبان کمیٹی کے پروفیسر ابراہیم اور یوسف شاہ پر مشتمل 4 رکنی وفد شمالی وزیرستان جا کر طالبان کی شوری اور سیاسی کمیٹی سے براہ راست ملاقات کر کے امن عمل کو آگے بڑھانے کی کوشش کریں گے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق حکومتی اور طالبان شوری کے درمیان براہ راست ملاقات میں کسی بڑے بریک تھرو کی توقع کی جا رہی ہے۔ زرائع کے مطابق اگر طالبان نے سیز فائر کا علان کیا تو وہ جذبہ خیر سگالی کے طور پر پروفسیر اجمل کو رہا کرسکتے ہیں جبکہ دوسری جانب طالبان کی شوریٰ نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مذاکرات کے لیے ماحول سازگار بنانے کی خاطر حکومت بھی طالبان کے بوڑھے قیدیوں، عورتوں اور بچوں کو رہا کرے۔ زرائع کا کہنا ہے کہ اگر طالبان نے سیز فائر میں پہل کردی تو حکومت بھی جوابی خیر سگالی کے طور پر ان قیدیوں کو رہا کرسکتی ہے۔