حکومتی کمیٹی کی درخواست ، سیز فائر پر اتفاق رائے کیلئے طالبان شوریٰ کا اجلاس طلب ، سیز فائر کا اعلان کل طالبان کمیٹی کے علماء اجلاس کے بعد متوقع

ہفتہ 15 فروری 2014 07:28

اسلام آباد (رحمت اللہ شباب ۔اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15فروری۔2014ء)حکومتی اور طالبان کمیٹیوں کی ملاقات کے دوران حکومتی کمیٹی کی درخواست پر طالبان نے سیز فائر پر اتفاق کیلئے شوریٰ کا اجلاس طلب کر لیا ہے ، ذرائع کے مطابق شوریٰ اجلاس میں سیز فائر سمیت دیگر گروپوں کی طرف سے جاری کارروائیوں پر غور کیا جائے گا ، اجلاس میں طالبان کے دونوں بڑے شوریٰ علی شوریٰ اور عاجری شوریٰ کے نمائندے شامل ہوں گے ، جن کی صدارت کالعدم تحریک طالبان کے ڈپٹی امیر شیخ خالد حقانی کریں گے ، دوسری طرف طالبان کمیٹی نے کل لاہور میں علماء کے اجلاس میں ملک کے نامور علمائے کرام کو شرکت کیلئے دعوت نامے پہنچا دیئے ہیں ، اجلاس کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے طالبان ترجمان شاہد اللہ شاہد سے درخواست کی ہے کہ وہ کل علماء اجلاس کے اختتام تک سیز فائر کے حوالے سے کمیٹی کو آگاہ کریں گے تا کہ سیز فائر کا اعلان علماء کانفرنس کے اختتام پر کیا جا سکے ، ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ طالبان کی طرف سے شرطوں پر علمائے کرام کو اعتماد میں لیا جائے گا ، حکومتی کمیٹی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ طالبان کی طرف سے سیز فائر کے اعلان کے فوراً بعد 18سال سے کم عمر کے بچے اور 50سال سے زائد طالبان قیدیوں کو رہا کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :