وزارت مذہبی امور کے زائرین بہبود فنڈ میں ایک ارب موجود، وزراء عیاشیاں کرتے رہے، قائمہ کمیٹی میں انکشاف،روپے کی قدر میں کمی کے باعث حج اخراجات میں اضافے کا امکان ہے، کمیٹی کی سفارش پر وزارت حج اخراجات کم کرنے پر رضا مند،وزیرمملکت نے حج آپریشنز کی بین الاقوامی نیلامی اور طارق سی قیصر نے حجاج کرام کو سبسڈی دینے کی تجویز پیش کردی،جرگوں میں خواتین کے بارے میں پرتشدد فیصلوں کیخلاف کمیٹی میں قرارداد منظور

جمعرات 13 فروری 2014 03:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13اگست۔2014) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کو بتایا گیا ہے کہ حرم شریف کی توسیع کے باعث حج 2014ء میں بھی 20فیصد کم کوٹہ ملے گا ۔ حج پالیسی کی منظوری کے ساتھ ہی حج درخواستیں طلب کی جائینگی ۔ روپے کی قدر میں کمی کے باعث حج اخراجات میں اضافے کا امکان ہے، کمیٹی کی سفارش پر وزارت حج اخراجات کم کرنے پر رضا مند، کمیٹی میں انکشاف کیا گیا کہ ایک ارب روپے ویلفیئر فنڈ میں موجود ہیں،ماضی میں وزراء اس فنڈ سے عیاشیاں کرتے رہے، کمیٹی نے خواتین کیخلاف جرگوں کے فیصلوں کو خلاف شریعت قرار دے متفقہ قرارداد منظور کرلی ۔

اسلامی نظریاتی کونسل اور مشترکہ وقف املاک بورڈ آئندہ اجلاسوں میں بلائے جائینگے ۔ وزیرمملکت نے حج آپریشنز کی بین الاقوامی نیلامی اوراقلیتی رکن کمیٹی طارق سی قیصر نے حجاج کرام کو سبسڈی دینے کی تجویز پیش کردی ۔

(جاری ہے)

کمیٹی کا اجلاس بدھ کو چیئرمین حافظ عبدالکریم کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا ۔ اجلاس میں اراکین کمیٹی سمیت وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف ، وزیر مملکت امین الحسنات سمیت دیگر حکام نے شرکت کی ۔

اجلاس میں حج 2014ء کے پالیسی ڈرافٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری مذہبی امور سکندر اسماعیل خان نے کمیٹی کو بتایا کہ حج پالیسی تیار کرلی گئی ہے اور اسے وزارت کی ویب سائٹ پر ڈال دیا گیا ہے ۔ ڈرافٹ کی منظوری کے بعد مارچ میں عازمین حج سے حج درخواستیں وصول کرنا شروع کریں گے، کمیٹی کو بتایا گیا کہ امسال بھی حرم شریف کی توسیع کے باعث بیس فیصد حج کوٹے پر کٹ لگایا گیا ہے ایک لاکھ 47 ہزار عازمین فریضہ حج ادا کرسکیں گے جو کہ نجی ٹورز آپریٹرز اور سرکاری سکیم کے تحت عازم سفر ہونگے ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حج پالیسی کے مطابق پانچ سال سے کم عرصے والے دوبارہ سعادت حج کیلئے نہیں جاسکیں گے البتہ جو حج البدل اور محرم کے طورپر خواتین نے ہمراہ جانا چاہئے انہیں رعایت حاصل ہوگی ۔ امسال حج پالیسی کے تحت قربانی حاجی کی صوابدید پر ہوگی کہ حاجی خود قربانی کرنا چاہیے یا یہ اختیار وزارت کو دیا جائے فی حاجی 15 سو ریال اخراجات کی مد ساتھ رکھیں اور جنہوں نے خود قربانی کرنی ہے اس کیلئے اضافی پانچ سو ریال ہے اپنے ہمراہ رکھنے چاہئیں۔

سیکرٹری مذہبی امور نے مزید بتایا کہ حج آپریشن پی آئی اے اور شاہین ائر لائن کے ذمہ ہوگا تاہم سعودی ائر لائن بھی پچاس فیصد حاجیوں کو پہنچانے کی پابند ہوگی ۔ انہوں نے بتایا کہ روپے کی قدر میں کمی کے باعث حج اخراجات میں اضافے کا خدشہ ہے اس موقع پر وزیر مملکت پیر امین الحسنات نے تجویز دی کہ آپریشنز کا ٹینڈر اوپن کیا جائے اور بین الاقوامی نیلامی کردی جائے تو حاجیوں کو ریلیف مل سکتا ہے۔

حج پالیسی پر بریفنگ کے دوران سیکرٹری مذہبی امور نے امسال حج پیکج پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محافظ فنڈ کے تحت 500 روپے ویلفیئر سٹاف اور دیگر سروسز پر 3500 روپے ، ٹرانسپورٹ مفت و دیگر معاملات پر 647759 روپے فیس مقر ر کی گئی جبکہ مدینہ منورہ میں رہائش گاہوں کی مد میں 500ریال اور مکہ مکرمہ میں 3600ریال وصول کئے جائینگے جو کہ پاکستان کرنسی میں بالترتیب 1,05,500 اور 1,11,600 روپے بنتے ہیں اس موقع پر کمیٹی نے اعتراض کیا کہ محافظ فنڈ 400کیا جائے جبکہ رہائش گاہوں کے کرایہ روپے کی صورت میں کم وصول کئے جائیں اور 29 روپے فی ریال کے حساب سے وصولی کی جائے جس پر وزارت کمیٹی کی سفارشات منظور کرلی گئیں ۔

وفاقی وزیر سردار یوسف نے کمیٹی کو بتایا کہ رواں مالی سال تمام کیٹگریز ختم کرکے ایک پالیسی کے تحت حج کروایا جائیگا البتہ پرائیویٹ ٹور آپریٹرز اپنی مرضی کا پیکج اوپن کریں تاہم انہیں وزارت کے ساتھ معاہدے کی پاسداری کرنی ہوگی ۔ کمیٹی اجلاس میں اسلامی نظریاتی کونسل کے حوالے سے وزارت نے کمیٹی کو بتایا کہ قانون و انصاف ڈویژن نے واضح کیا ہے کہ کونسل کمیٹی کو جوابدہ ہے کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں اسلامی نظریاتی کونسل و متروکہ وقف املاک بورڈ کو بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ زائرین کے بہبود فنڈ میں ایک ارب روپیہ ہے جسے وزارت عیاشیوں پر خرچ کرتی ہے سابق وزراء عیاشیاں کرتے رہے ہیں کمیٹی نے فنڈ کی تفصیلات بھی مانگ لی ہیں ۔ رکن کمیٹی کشور زہرہ نے جرگوں میں خواتین کے بارے میں پرتشدد فیصلوں کیخلاف کمیٹی میں قرارداد پیش کرتے ہوئے اسلامی قوانین اور مہذب معاشروں میں ایسا جائز نہیں ہے کمیٹی ان واقعات کی بھرپور مذمت کرے اسے خلاف اسلام قرار دیتے ہوئے متفقہ قرارداد منظور کرے، جس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ یہ ایسے اقدام کی مذمت کرینگے جو خلاف شرع ہو اور کمیٹی نے متفقہ طور پر قرارداد کو منظور کرلیا۔

اقلیتی رکن کمیٹی طارق سی قیصر نے تجویز دی جہ عازمین حج کواس مقدس فریضے کی ادائیگی کیلئے حکومت سبسڈی دے تاکہ عظیم فریضہ کو زیادہ آ سان بنایا جاسکے ۔