ایکنک نے سماجی و اقتصادی ترقی کے 324 ارب 50 کروڑ کے 9منصوبوں کی منظوری دیدی،بہاولپور میں قائداعظم سولرپارک،مظفرگڑھ میں ایٹمی بجلی گھر،سندھ میں غذائیت کے تحفظ پروگرام اور پیسکو میں بجلی کی تقسیم میں نقصانات کو روکنے کا منصوبہ شامل

جمعرات 13 فروری 2014 03:27

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13اگست۔2014 ) قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹوکمیٹی (ایکنک)نے بہاولپور میں قائداعظم سولرپارک،مظفرگڑھ میں ایٹمی بجلی گھر،سندھ میں غذائیت کے تحفظ پروگرام اور پیسکو میں بجلی کی تقسیم میں نقصانات کو روکنے کے منصوبہ سمیت سماجی و اقتصادی ترقی کے 324 ارب 50 کروڑروپے مالیت کے 9منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔ کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں ہوا۔

کمیٹی نے سندھ میں زراعت کے شعبے کی ترقی کے لئے سندھ زرعی ترقیاتی منصوبے کے تحت 8 ارب 86 کروڑروپے اور خوراک کے تحفظ کے پروگرام کے لیے چار ارب بارہ کروڑروپے مالیت کے منصوبوں کی منظوری دی ہے ،ایکنک نے پنجاب میں اساتذہ کوتربیت دینے والے اداروں کی کارکردگی بڑھانے اورایلیمنٹری سکولوں کے اساتذہ کی تربیت کے لیے تین ارب چودہ کروڑروپے کے منصوبہ کی بھی منظوری دے دی ہے، کمیٹی نے دیگر صوبوں خصوصا بلوچستان حکومت کو ایسے منصوبے شرو ع کرنے کی ہدایت کی، اجلاس میں خیبرپختوانخوا میں شعبہ صحت کی ترقی بالخصوص تولیدی صحت اورلیڈی ہیلتھ ورکرزپروگرام کی بھی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

ایکنک نے بجلی کی تقسیم میں خرابیوں کو دورکرنے اورترسیل کے نظام کی بحالی کے لیے 25 ارب کی بھی منظوری دی۔کمیٹی نے وزارت پانی وبجلی کے بہاولپور میں چارارب روپے مالیت کے ہزار میگاواٹ کے قائداعظم سولرپارک کی بھی منظوری دی۔اس منصوبے کی تکمیل سے ملک میں بجلی کی قلت پر قابوپانے میں مدد ملے گی۔مظفرگڑھ میں واقع نیوکلیئرپاورپلانٹ منصوبے کے لیے بھی ایک اارب 68 کروڑروپے کی منظوری دی گئی، اجلاس کے دوران کمیٹی نے سند ھ میں نیوٹریشن سپورٹ پروگرام منصوبے کے تحت 4ارب 11کروڑ79لاکھ روپے کی منظوری دی جس سے صوبہ بھر میں مییلنئیم ترقیاتی اہداف کو پورا کرنے میں مدد ملے گی، قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹوکمیٹی نے وزارت پانی وبجلی کو ہدایت کی کہ وہ پیسکو کو مدد فراہم کرنے کے لئے قرضوں کی حد میں اضافہ کرے ،پیسکو میں بجلی کی تقسیم اور نقصانات کو روکنے کے لئے 25ارب 6کروڑ 25لاکھ روپے کے منصوبہ کی منظوری دی گئی ، ان دونوں منصوبوں سے بجلی کو تقسیم کانظام بہتر ہو گا اور سسٹم پر دباؤ کم ہو گا۔

اجلاس میں منصوبہ بندی کمیشن کے وزیر احسن اقبال،وزیر اطلاعات پرویزرشید،صوبائی وزراء خزانہ اوروفاقی وصوبائی حکومتوں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :