وزیراعظم کا گورنر سندھ اور بابرغوری سے ٹیلی فونک رابطہ،متحدہ کے کارکنان پرتشدداورلاپتہ کئے جانے سے متعلق معاملات پربات چیت، وزیرداخلہ کو کراچی پہنچنے کی ہدایت، ایم کیوایم کوساتھ لیکرچلیں گے،ان کے تمام تحفظات دورکئے جائیں گے،نوازشریف

بدھ 12 فروری 2014 07:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12فروری۔2014ء)وزیراعظم نوازشریف نے کہاہے کہ ایم کیوایم کوساتھ لیکرچلیں گے اوران کے تمام تحفظات دورکئے جائیں گے ۔ میڈیارپورٹ کے مطابق یہ بات وزیراعظم نے منگل کے روزایم کیوایم کے رہنمابابرغوری سے ٹیلی فونک رابطے کے دوران کہی۔ٹیلی فونک رابطے میں متحدہ کے کارکنان پرتشدداورلاپتہ کئے جانے سے متعلق معاملات پربات چیت کی گئی ۔

وزیراعظم نے ترکی کے دورہ سے واپسی کے بعدمسئلے کے حل کی یقین دہانی کرائی جبکہ وزیراعظم نے وزیرداخلہ چوہدری نثارکوکراچی بھیجنے کی بھی یقین دہانی کرادی ۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کوساتھ لیکرچلیں گے اورمتحدہ کے تمام تحفظات کودورکیاجائیگا۔ کراچی شہر کی صورتحال پر وزیراعظم نواز شریف نے گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان سے ٹیلی فون رابطہ کیا جس میں گورنرنے انہیں ایم کیوایم کی جانب آپریشن پر تحفظات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

میڈیا رپور ٹ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف اور گورنر سندھ کے درمیان ٹیلی فونک رابطے میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کراچی میں جاری آپریشن پر تحفظات کا اظہار کیا ہے جس پر وزیراعظم نے انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کو فوری کراچی پہنچ کر شہر میں جاری آپریشن کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف نے کراچی میں پولیس کے ہاتھوں ایم کیو ایم کے کارکن فہد عزیز پر تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو ہدایت کی تھی کہ وہ فہد عزیز پر پولیس کے تشدد سے متعلق رپورٹ پیش کریں جس میں وہ ذمہ داروں کا تعین کرکے ان کے خلاف کارروائی سے بھی آگاہ کریں