ججز نظر بندی کیس،پرویز مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور،سابق صدر کے وکیل نے آئندہ سماعت پر پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ پیش کرانے کی یقین دھانی کرا دی، سماعت 24 فروری تک ملتوی

منگل 11 فروری 2014 04:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11فروری۔2014ء)سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف ججز نظر بندی کیس کی سماعت 24 فروری تک ملتوی کر دی گئی،پرویز مشرف کے وکیل نے آئندہ سماعت پر پرویز مشرف کی تفصیلی میڈیکل رپورٹ جمع کروانے کی یقین دہانی کروا دی۔ پیر کے روز انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ججز نظر بندی کیس کی سماعت ہوئی۔پرویز مشرف کے وکیل الیاس صدیقی نے پرویز مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی۔

(جاری ہے)

ایڈووکیٹ الیاس صدیقی نے عدالت کو بتایا کہ پرویز مشرف سخت علیل ہیں اور چلنے پھرنے سے قاصر ہیں،سپیشل پبلک پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش نے استثنیٰکی درخواست پر اعتراضات لگاتے ہوئے کہا کہ درخواست کے ساتھ ہسپتال کی میڈیکل رپورٹ موجود نہیں ہے۔ پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدا کی کہ ملزم کی کئی روز سے غیر حاضری پر عدالت پرویز مشرف اور ان کے ضامنوں کے خلاف کاروائی کرے۔پرویز مشرف کے وکیل الیاس صدیقی نے آئندہ سماعت پر سابق صدر کی تفصیلی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔عدالت نے پرویز مشرف کے وکیل کی یقین دہانی پر ایک دن کی استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 24 فروری تک ملتوی کر دی۔