سابق چیف جسٹس کے عتاب کا نشانہ بننے والے عظیم آفریدی بے گناہ نکلے، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہری پور تعینات کردیا گیا،12 فروری کو چارج سنبھالیں گے

پیر 10 فروری 2014 07:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10فروری۔2014ء) سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے مسلسل عتاب کا نشانہ بننے والے جسٹس عظیم آفریدی اپنے موقف میں سچے نکلے‘ مشکلات ختم ہوگئیں‘ انہیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہری پور تعینات کردیا گیا جہاں وہ بدھ 12 فروری کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں کی گئی غیر قانونی تقرریوں کے الزامات بھی سچ ثابت نہ ہوئے۔

ذرائع نے ”خبر رساں ادارے“ کو بتایا ہے کہ رجسٹرار سپریم کورٹ ڈاکٹر فقیر حسین کو منشیات سمگلنگ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر نوٹس دے کر طلب کرنے والے اور بعد ازاں توہین عدالت کے الزام کا سامنا کرنے والے جج عظیم خان آفریدی اپنے موقف میں سچے ثابت ہوکر تمامتر امتحانات میں سرخرو ہوگئے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہری پور رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ عظیم آفریدی نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کے حوالے سے موجودہ چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کو ایک خط بھی تحریر کیا ہے جس پر فاضل چیف جسٹس نے معاملہ موجودہ چیف جسٹس ہائیکورٹ کو بھجوادیا ہے جس پر پتہ یہ چلا ہے کہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے عظیم آفریدی سے کہا ہے کہ وہ پریشان نہ ہوں ان کے حق پر ہونے کی وجہ سے مشکلات اب ختم ہونے کو ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عظیم آفریدی بدھ 12 فروری کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہری پور کے طور پر اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔

متعلقہ عنوان :