شمالی وزیرستان میں طالبان کمیٹی کے طالبان رہنماؤں سے مذاکرات کے دوران ڈرون طیاروں کی پروازیں، فریقین کوبارباربات چیت کامقام تبدیل کرناپڑا،طالبان مذاکراتی کمیٹی آج واپس اسلام آباد آئے گی

پیر 10 فروری 2014 07:48

میرانشاہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10فروری۔2014ء)شمالی وزیرستان میں طالبان کمیٹی کے طالبان رہنماؤں سے مذاکرات کے دوران ڈرون طیاروں کی پروازیں شروع ہوگئیں ،جس کے باعث فریقین کوبارباربات چیت کامقام تبدیل کرناپڑا۔میڈیارپورٹس کے مطابق مذاکرات کاپہلامرحلہ مکمل ہونے کے بعد ان مذاکرات میں طالبان کے کچھ سینئر رہنماء شامل ہوئے ،توڈرون طیاروں کی پروازیں شروع ہوگئیں ۔

(جاری ہے)

مذاکرات کرنے والوں نے بات چیت کے مقام کودوسے تین بارتبدیل کیاجس کی وجہ سے مذاکرات کاسلسلہ آگے نہیں بڑھ سکا۔مذاکراتی کمیٹی کے ارکان نے سمیع الحق کوبھی صورتحال سے آگاہ کیاجس پر مولانا سمیع الحق نے ہدایت کی کہ یہ قومی معاملہ ہے اس کیلئے جان خطرے میں ڈالنے پڑی تومعاملات طے کرکے ہی واپس آئیں ۔دونوں طرف کی کمیٹی کے ارکان نے بھی اتفاق کیاکہ ڈرون طیاروں کی پروازوں کے باوجودمذاکرات کاعمل جاری رہے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق مذاکرات میں پیشرفت کی وجہ سے طالبان کمیٹی ابھی تک شمالی وزیرستان میں ہی موجودہے ۔کمیٹی نے 9فروری کو واپس اسلام آباد آناتھاتاہم اب کمیٹی آج 10فروری کوواپس آئے گی۔