بیرونی سرمایہ کاری کے لئے پاکستان انٹرنیشنل بزنس اینڈانویسٹمنٹ کونسل قائم ،وزیراعظم کی ہدایت پرپاکستان کو معاشی خودمختاری کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں،اسحاق ڈار،بیرونی سرمایہ کاروں کوپاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع فوائد حاصل ہوں گے ، اسحاق ڈار کا دبئی میں پاکستان بزنس فورم سے خطاب،پاکستان بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کونسل تاجروں اور پروفیشنلز کو باہمی تجارتی روابط کے مواقع فراہم کرے گی، جاوید ملک سفیر برائے سرمایہ کاری،دبئی میں پاکستان بزنس سیمینار میں پاکستانی تاجروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کی بھرپور شرکت ، جاوید ملک کی کاوشوں کو خراج تحسین

پیر 10 فروری 2014 07:47

دبئی،لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10فروری۔2014ء)بیرونی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اورتاجروں کو مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لئے پاکستان انٹرنیشنل بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کونسل قائم کردی گئی-اس امر کا اعلان وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت دبئی میں پاکستان کا مثبت امیج ابھارنے اور بیرونی سرمایہ کاروں کو ترغیب دینے کے لئے منعقدہ خصوصی پاکستان بزنس فورم کے دوران کیا گیا جس کا اہتمام پاکستان کے خصوصی سفیر برائے سرمایہ کاری جاوید ملک نے عرب سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی اور ترغیب کے لئے دبئی میں پاکستانی پروفیشنلز اور کاروباری برادری کے اشتراک سے کیا-پاکستانی بزنس کونسلز کے صدور، چیئرمین اور سی ای اوز بھی اس موقع پر موجودتھے،وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی اقتصادی و معاشی صورتحال کا جائزہ پیش کیا اور شرکاء کو حکومت پاکستان کے اقتصادی ایجنڈے اور تجارتی ویژن سے آگاہ کیا-انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ملک کومعاشی خودانحصاری کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں اور سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنے کا اہتمام کیا جارہا ہے،اس موقع پر پاکستانی سفیر برائے سرمایہ کاری جاوید ملک نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے بتایا کہ اسحاق ڈار کی انتھک محنت، عمدہ حکمت عملی اور کاوشوں کی بدولت ملک کی معیشت بحالی کی طرف گامزن ہے ، شفافیت اور گڈ گورننس حکومت پاکستان کا طرہ امتیاز بن چکا ہے جس پر بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی فخرمحسوس کرتے ہیں ،جاوید ملک نے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور تاجروں کو بہترین سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے پاکستان انٹرنیشنل بزنس اینڈانویسٹمنٹ کونسل بنانے کا اعلان کیا جو پاکستانی تاجروں اورپروفیشنلز کو مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرے گی-جاوید ملک نے کہا کہ پاکستان بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کونسل معاشی سفارتکاری کا بہترین نمونہ ہے جو پاکستانی تاجروں اور پروفیشنلز کے علاوہ پاکستان کے دوستوں کو باہمی تجارتی روابط کے مواقع فراہم کرے گی اور بیرونی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرے گی-انہوں نے بتایا کہ کونسل کے قیام کا مقصد سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی اور بیرون ملک مقیم تاجروں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونے کا موقع فراہم کرنا ہے تاکہ کم وقت میں قابل قدر نتائج حاصل کئے جاسکیں،اسحاق ڈار نے پاکستان انٹرنیشنل بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کونسل بنانے کے تصور کو سراہا جس کا مقصد اوورسیز پاکستانی کاروباری حضرات کو یقین دلاناہے کہ حکومت پاکستان وزیراعظم نواز شریف کی زیر قیادت غیرملکی سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کرتی ہے اور انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کا تہیہ کئے ہوئے ہے-انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع فوائد حاصل ہوں گے اورایک ابھرتی ہوئی معیشت کی حیثیت سے پاکستان غیرملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کے لئے مختلف مواقع فراہم کرتا ہے،دبئی میں مقیم نامور پاکستانی سرمایہ کار بشمول چیف ایگزیکٹو آفیسر ہاشو گروپ مرتضی ہاشوانی، چیئرمین شون گروپ ناصر شون ، چیئرمین ڈی ٹی اے شپنگ طاہر لاکھانی ، صدر پاکستان بزنس کونسل ممتاز مسلم ، عمران چوہدری، چیئرمین سٹار کنکشنز ، چیئرمین ای این جی گروپ حنیف مرچنٹ، فاطمہ انڈسٹریز کے ناصر محمود ، چیئرمین ویلیوسٹریٹ شاہد عمرانی کے علاوہ دیگر معززین اس موقع پر موجودتھے جنہوں نے اس تصور کو خوش آمدیدکہتے ہوئے جاوید ملک کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔