تین ملین ڈالر کہاں گئے ،محبوب اسلم نے تحریک انصاف سے فنڈز کا حساب مانگ لیا

اتوار 9 فروری 2014 07:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9فروری۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن محبوب اسلم نے پارٹی سے تین ملین ڈالر کا حساب مانگ لیا جس پر چیئرمین عمران خان ناراض ہوگئے محبوب اسلم نے فنڈز کا حساب لینے کی ٹھان لی‘ نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق ہفتہ کے روز تحریک انصاف امریکہ کے رکن محبوب اسلم نے بتایا کہ انہوں نے 2008 ء سے 2013 ء تک پارٹی کیلئے تین ملین ڈالر فنڈ اکٹھا کیا جو انہوں نے پارٹی کو دیا اب انہوں نے پاکستان آکر عمران خان سے اس فنڈ کی بابت حساب کی بات کی تو عمران خان جذباتی ہوگئے انہوں نے پارٹی کے فنڈز کے حساب رکھنے والے ملازمین سے بات کی لیکن انہوں نے بھی حساب نہیں دیا ان کا کہنا تھا کہ ایک ملازم کے اکاؤنٹ میں لاکھوں روپے روزانہ آرہے ہیں اور بنی گالہ میں انوسٹمنٹ کہاں سے کی جارہی ہے اس کا بھی حساب دیا جائے ان کا مزید کہنا تھا کہ حساب مانگنے پر عمران خان نے گریبان پکڑ کر انہیں گھر سے نکال دیا اور پارٹی رہنماء نعیم الحق بینک ڈیفالٹر ہیں۔