سعودی عرب اور پاکستان کے مابین تاریخی، دینی، تہذیبی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں، دوستی کا رشتہ مضبوط سے مضبوط ترہو رہا ہے،شہبازشریف،جنگ ہو یا امن، زلزلہ ہو یا سیلاب یا کوئی اور قدرتی آفت، سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے،پاکستان اور اس کے عوام سعودی عرب کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں،سعودی شہزادے کا لاہور آمد پر خیرمقدم کرتے ہیں، ان کے دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہونگے،شہزادہ سلطان بن سلمان بن عبدالعزیز

اتوار 9 فروری 2014 07:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9فروری۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے مابین تاریخی، تہذیبی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام دینی اور بھائی چارے کے گہرے رشتوں میں جڑے ہیں۔ جنگ ہو یا امن، زلزلہ ہو یا سیلاب یا کوئی اور قدرتی آفت، سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے۔

سعودی عرب کی حکومت، خادم حرمین شریفین عبداللہ بن عبدالعزیز اور سعودی عرب کی عوام نے ہمیشہ پاکستان کی بھرپور مدد کی ہے۔ سعودی شہزادے کے حالیہ دورہ پاکستان سے دونوں ملکو ں کے درمیان برادرانہ تعلقات اور دوستی کا رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں سعودی شہزادے سلطان بن سلمان بن عبدالعزیز اور ان کے وفد کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی و صوبائی وزراء، پروفیسر سینیٹر ساجد میر، لیاقت بلوچ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، اعلیٰ سرکاری حکام، علماء کرام، صنعتکاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا عظیم دوست ہے جس نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

دونوں ممالک کے عوام بھی آپس میں گہری وابستگی رکھتے ہیں۔ سعودی عرب اور پاکستان کے عوام یک جان دو قالب ہیں اور دونوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ کسی بھی مشکل صورتحال میں سب سے پہلے سعودی عرب ہی پاکستان کی مدد کیلئے آیا ہے۔ پاکستان اور اس کے عوام سعودی عرب کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور وزیراعظم محمد نواز شریف بھی سعودی عرب کے ساتھ بہترین تعلقات کا اعتراف کرتے ہیں اور ان تعلقات کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے آنے والے وقتوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کا سلسلہ مزید مضبوط ہوگا۔ پاکستان کو درپیش مسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو توانائی بحران، دہشت گردی اور انتہاپسندی جیسے بڑے مسائل کا سامنا ہے اور وزیراعظم محمد نواز شریف ملک کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کیلئے پرعزم ہیں اور اس جانب سنجیدگی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تاریخی شہر لاہور میں سعودی شہزادے اوران کے وفد کے اراکان کو دل سے خوش آمدید کہتے ہیں۔امت مسلمہ کو سعودی عرب پر فخر ہے کہ اس نے ہمیشہ علم و تربیت کے میدان میں قابل قدر خدمات سرانجام دی ہیں ۔خادمین حرمین شریفین عبداللہ بن عبدالعزیز نے ہر مشکل کے موقع پر پاکستان اوراس کے عوام کی بھر پور مدد کی ہے اور ہم آپ کے بے پایا ں تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ہمارے لیے یہ ایک سرمایہ سے کم نہیں ،جسے ہم کبھی بھول نہیں سکتے۔

مجھے پورا یقین ہے کہ سعودی عرب آئندہ بھی پاکستان کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا اور سعودی شہزادے کے اس دورہ سے دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا اور ہم مزید شعبوں میں تعاون کو وسعت دیں گے۔سعودی شہزادے سلطان بن سلمان بن عبدالعزیز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کا تاریخی شہر لاہور بہت خوبصوت ہے اور اس کے باسی انتہائی محبت اور پیار کرنے والے لوگ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں آ کر ہمیں جو پیار اور محبت ملی ہے یہ ہمارے لئے خوشگوار یادیں ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دوستانہ تاریخی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ پاکستان میں سیاسی اور معاشی استحکام آئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان انشاء اللہ دنیا کا ایک عظیم ملک بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات مستقل نوعیت کے ہیں اور مستقبل میں یہ تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز رشریف کے ساتھ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بات چیت ہوئی ہے اورمحمد نواز شریف سعودی عرب کے بہت اچھے دوست ہیں ۔دونوں ملکوں کی دوستی ہر مشکل وقت پر پورا اتری ہے اورمیں جب بھی پاکستان آیا ہوں یہاں ترقی اور خوشحالی دیکھ کر خوشی ہوتی ہے ۔

قبل ازیں سعودی شہزادے سلطان بن سلمان عبدالعزیز نے گورنر ہاؤس میں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، ایم این اے حمزہ شہباز شریف اور سعودی عرب کے وفد کے اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ سعودی شہزادے اور ان کے وفد کے اراکین نے گورنر ہاؤس میں کلچرل شو بھی دیکھا۔